عدالت ہر صورت جائیں گے، نیازی صاحب کیخلاف فیصلہ آیا تو انہیں جھوٹوں کے آئی جی کا خطاب دوں گا: شہباز شریف
وزیراعلی پنجا ب میاں شہباز شریف نے عمران خان کے رقم کی پیشکش کے الزام پر ہر صورت عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں عدالت جاﺅں گا، میرے خلاف فیصلہ آیا تو اگلا الیکشن تو کیا سیاست چھوڑ دوں گا اور قوم سے معافی مانگ لوں گا،لیکن اگر نیازی صاحب آپ کے خلاف فیصلہ آیا تو آپ کو قیادت چھوڑنے کیلئے نہیں کہوں گا بلکہ آپ کو جھوٹوں کے آئی جی کا خطاب دوں گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں تقریب سے خطاب کے دوران سرگودھا میں بھی میٹرو بس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وقت آئے گا سرگودھا میں بھی میٹرو بس بنے گی۔ مخالفین پھر کہتے ہیں کہ شہباز شریف سڑکیں بناتا ہے۔ مخالفین تنقید کرتے جائیں اور ہم محنت کرتے جائیں گے۔انہوں نے کہا عدالت سے اپیل کروں گاکہ کیس کوروزانہ کی بنیاد پر سنیں ۔انہوںنے کہا میں نے جلاوطنی میں عزم کیاتھا کہ پاکستان میں بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دوں گا۔ملک میں کسی بچی کو تعلیم میسر نہ ہو یہ برداشت نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا سعودی عرب میں بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے اور پڑھائی جاری رکھنے پر 200 ریال وظیفہ ملتا ہے۔نواز شریف کی حکومت بنی تو انڈوومنٹ فنڈ کی بات کی اور اب ملک کے ایک لاکھ 98 ہزار طلبا تعلیمی انڈوومنٹ سے مستفید ہورہے ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ جدہ میں جلاوطنی میں میرا خاندان موجود تھا اورحمزہ شہباز کو مشرف نے پاکستان میں رکھا تھا۔