سیاسی جماعتوں کی خواہش پر چیف جسٹس کی زیر نگرانی کمشن بنانے کا فیصلہ کیا، مخالفین مثبت اقدام پرمنفی رویئے کا اظہارکررہے ہیں: نواز شریف
وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کی رائے کے مطابق جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا لیکن میں نہ مانوں کی رٹ لگانیوالے حکومت کے مثبت اقدام پر منفی رویے کا اظہار کر رہے ہیں، سیاسی مخالفین ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ سے ہٹانا چاہتے ہیں وہ صرف کھوکھلے نعروں کی سیاست کر رہے ہیں ، اپنے اثاثوں پر قوم کو اعتماد میں لے چکا ہوں ۔مسلم لیگ(ن)کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کی رائے کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرنگرانی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا جب کہ قوم کو اپنے اثاثوں سے متعلق پہلے ہی اعتماد میں لے چکے ہیں لیکن اس کے باوجود میں نہ مانوں کی رٹ لگانے والے ہمارے مثبت اقدام پر بھی منفی رویئے کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے اپنا پینترا پھرسے بدل لیا اور وہ ایشوز کے بجائے کھوکھلے نعروں کی سیاست کررہے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے تین سالوں میں ریکارڈ منصوبوں کا افتتاح کیا اور یہ رسمی افتتاح نہیں بلکہ مسلم لیگ(ن)نے ملک بھر میں ترقیاتی منصوبے مکمل بھی کرائے، ایبٹ آباد، اوگی، شنکیاری اور مانسہرہ میں گیس فراہم کی جائے گی، ارکان پارلیمنٹ صدق دل سے عوام کی خدمت کریں۔ ملاقات میں ارکان اسمبلی سے وزیر اعظم نواز شریف نے ان کے متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی کاموں اور ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اراکین پارلیمنٹ نے وزیراعظم کی قیادت اور ترقیاتی پالیسیوں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔ارکان اسمبلی کا کہناتھا کہ پاکستانی عوام وزیراعظم کے ترقیاتی ایجنڈے کی بھر پور حمایت اور پذیرائی کرتے ہیں۔