برطانیہ: پاکستانی نژاد خاتون کو 4 پوتے‘ پوتیوں سمیت گھر میں جلا دیا گیا

برطانیہ: پاکستانی نژاد خاتون کو 4 پوتے‘ پوتیوں سمیت گھر میں جلا دیا گیا

لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ میں پاکستانی نژاد ایک اور خاندان کو گھر سمیت جلا دیا گیا۔ اتوار اور پیر کی درمیانی رات شیفیلڈ میں واقع ایک مکان میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا تھا جب آگ لگی تو گھر کے سربراہ پرویز کیانی اور ان کی بیگم شبینہ نے آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر انہوں نے ریسکیو حکام کو طلب کیا اور جس وقت ریسکیو ٹیمیں وہاں پہنچیں تو آگ شدت اختیار کر چکی تھی جس کے نتیجہ میں گھر میں موجود 54 سالہ شبینہ بیگم، 20 سالہ انعم، 9 سالہ ادھیان پرویز کیانی، 7 سالہ امان پرویز کیانی اور 7 ہفتوں کی شیر خوار بچی جاں بحق ہو گئے جبکہ بچوں کی والدہ رضیہ ناظم واقعے میں محفوظ رہیں اور ان کے شوہر ناظم پرویز جو ٹیکسی ڈرائیور ہیں وہ بھی اس وقت گھر میں موجود نہیں تھے، آگ بجھانے کی کارروائی میں  20 فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔ گھر کے سربراہ پرویز کیانی کے مطابق شبینہ بیگم ابتدا میں گھر سے نکلنے میں کامیاب ہو گئی تھیں تاہم بعد میں وہ اپنے پوتے پوتیوں کو بچانے کے لئے ایک مرتبہ پھر داخل ہوئیں لیکن وہ واپس نہ نکل سکیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے پولیس اہلکاروں اور فائر آفیسرز پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو واقعے کی وجوہات اور محرکات کا پتہ لگائے گی۔ ثناء نیوز کے مطابق شاہدین کا کہنا ہے آتشزدگی کے دوران خواتین کی جانب سے مدد کیلئے چیخ و پکار کی آوازیں سنی گئی تھیں۔