ایک دھرنا ختم‘ دوسرا دم توڑ چکا‘ متحد ہو کر ملک دشمن عناصر کو ناکام بنانا ہے : شہباز شریف

ایک دھرنا ختم‘ دوسرا دم توڑ چکا‘ متحد ہو کر ملک دشمن عناصر کو ناکام بنانا ہے : شہباز شریف

لاہور(خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف 3روزہ نجی دورے پر لندن پہنچ گئے۔ ایئر پورٹ پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور پاکستانی کمیونٹی نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ شہبازشریف نے لندن پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے، بجلی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے بھی سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بجلی کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہرممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کے 18کروڑ عوام نے احتجاجی سیاست کو یکسر مستردکردیا ہے۔ ایک دھرنا ختم ہو چکا ہے جبکہ دوسرا دھرنا دم توڑ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ قبل ازیں لندن روانگی سے قبل لاہور میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں۔ ہم سب نے متحد ہو کر ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کو مزید سخت کرنے کیلئے چار درجاتی حصار بنانے کیلئے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام متعلقہ ادارے، پولیس اور انتظامیہ کمربستہ ہو کر قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کیلئے جدید ترین آلات اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات گزشتہ برسوں سے بڑھ کر کئے ہیں اور اس ضمن میں ہر طرح کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ بعدازاں شہبازشریف 3روزہ نجی دورے پر پی آئی اے کی عام پرواز سے اسلام آباد سے لندن چلے گئے۔ وزیراعلیٰ لندن میں اپنے قیام کے دوران مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
شہبازشریف/ لندن