حیدرآباد:ریلوے ٹریک پر کریکر دھماکہ‘ٹرینوں کی آمدورفت معطل

حیدرآباد:ریلوے ٹریک پر کریکر دھماکہ‘ٹرینوں کی آمدورفت معطل

حیدر آباد+کندھ کوٹ(آن لائن+آئی این پی)حیدر آباد کے قریب حسین آباد میں ریلوے ٹریک پر کریکر بم دھماکے سے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا ،اپ اور ڈائون ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی ۔حیدر آباد کے علاقے حسین آباد میں لطیف آباد نمبر چوکی نمبر3 کے قریب شرپسندوں نے ریلوے ٹریک کو کریکر بم دھماکے نشانہ بنایا جس سے پٹڑی کا کچھ حصہ تباہ ہوگیا ،واقعہ کے فوری بعد ریلوے پولیس اور رینجرز اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ۔اردگرد کے علاقوں کوگھیرے میں لیکر شرپسندوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ریلوے پولیس کے مطابق ریلوے کی پٹڑی کی بحالی کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے جلد ٹرینوں کی آمدورفت بحال ہو جائے گی۔دوسری جانب کندھ کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر بم نصب کرتے ہوئے دہشتگرد کو گرفتار کرلیا گیا۔گرفتارملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔پولیس نے کہاہے کہ دہشتگرد ریلوے ٹریک پر بم نصب کررہا تھا کہ گشتی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اسے گرفتار کرلیا ۔ ملزم کے پاس ڈیٹو نیٹر سمیت باردوی مواد بھی بر آمد ہوا ۔ گرفتار ہونے والے ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ ایس ایس پی عمر طفیل کا کہنا ہے کہ ملزم کئی ریلوے ٹریک بم دھماکوں اور گیس پائپ لائن دھماکوں میں بھی ملوث ہے ۔ ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔