ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے ہندوستانی وزیر دفاع کے بیان کو خطے سمیت پوری دنیا کے لیے تشویش ناک قرار دیا

 ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے ہندوستانی وزیر دفاع کے بیان کو خطے سمیت پوری دنیا کے لیے تشویش ناک قرار دیا

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی وزیر دفاع کے بیان سے یہ خدشات پیدا ہوگئے ہیں کہ ہندوستان، پاکستان میں دہشت گری کی کڑیوں میں ملوث ہے۔آئی ٹی کمپنی ایگزیکٹ کے خلاف جعلی ڈگریوں کی فروخت کے الزامات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں اور وزارت داخلہ نے امریکی ایف بی آئی سے بھی مدد کی درخواست کی ہے، جبکہ بہت سے امریکی ادارے بھی تحقیقات میں شامل ہیں۔بنگلہ دیش میں گرفتار پاکستانی شہری کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ خالد محمود 2014 میں باضابطہ طور پر بنگلہ دیش آئے اور وہاں ٹیکسٹائل انجینیئر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نے گزشتہ روز بنگلہ دیشی وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور اپنے شہری تک قونصلر رسائی مانگ لی ہے جبکہ بنگلہ دیش نے قونصلر رسائی فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ یہ منصوبہ پورے خطے کی تقدیر بدل دے گا۔قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو سبوتاژ کرنے کے ہندوستانی منصوبے سے بخوبی آگاہ ہیں لیکن انڈیا کو اس منصوبے میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا،ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے پاکستان، افغانستان اور اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر سے رابطے میں ہیں۔