شرائط تسلیم ہونے پر وفاقی حکومت میں شامل ہو جائیں گے : فضل الرحمن

شرائط تسلیم ہونے پر وفاقی حکومت میں شامل ہو جائیں گے : فضل الرحمن

پشاور (اے پی اے) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ لینے والی نئی قوتوں کو خیبر پی کے میں دفن کریں گے، شرائط کو تسلیم کیا گیا تو وفاقی حکومت میں شامل ہوں گے۔ جے یو آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس ملک میں ہم نے بہت سے غلط فیصلے برداشت کئے اور اب بھی کر رہے ہیں لیکن ہم حق کی بات کریں گے جو لوگ جمہوریت کا انکار کرتے تھے ان کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ ہم ملک کو الجزائر نہیں بنانا چاہتے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو ترجیحات سے آگاہ کر دیا ہے جسے مسلم لیگ نے قبول کر لیا تو جلد مرکز میں مشترکہ حکومت بنانے کا اعلان کیا جائے گا۔ فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پشتون علاقے میں یہودی کلچرکو فروغ دینے والوں کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، ہم اپنی تہذیب اور روایات کا تحفظ کرنا بخوبی جانتے ہیں، ہمارے کارکنوں کو جائز اور قانونی احتجاج سے روکا جارہا ہے، حکومتوں کے جبر کا مقابلہ کرنا ہماری تاریخ ہے۔ علاوہ ازیں فضل الرحمان نے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمشن کو خط لکھ دیا ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات جولائی کے بجائے اگست میں کرائے جائیں گے۔ جولائی میں شدید گرمی اور رمضان المبارک کی وجہ سے ٹرن آو¿ٹ کم ہوگا۔