الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینٹ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی

خبریں ماخذ  |  خصوصی نامہ نگار
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینٹ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینٹ کے پانچ مارچ کو ہونے والے انتخابات کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی  ہے۔ ملک بھر سے ایک سو اکتیس امیدوار میدان میں ہیں، پنجاب سے سولہ امیدوار، کے پی کے سے ستائیس ،بلوچستان سے بتیس ،سندھ سے بارہ ،اسلام آباد سے آٹھ اور سب سے زیادہ فاٹا سے چھتیس امیدوار سینٹ کے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان سینیٹ انتخابات کے لئے سیٹ ایڈجسمنٹ کے بعد دو، دو امیدوار بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔ ٹیکنو کریٹ کی خصوصی نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار رحمان ملک نے اپنے کاغذات واپس لے لئے جس کے بعد فاروق ایچ نائیک اور ایم کیو ایم کے بیرسٹر محمد علی سیف بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے ۔خواتین کی مخصوص نشست پر متحدہ قومی موومنٹ کی نگہت مرزا اور پیپلزپارٹی کی سسی پلیجو منتخب ہوئیں ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سینٹ انتخابات کے لیے تین ہزار بیلٹ یپرز بھی چھپوائے جا رہے ہیں جس کے لیے پرنٹنگ کارپوریشن کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں ۔ بارہ مارچ کو باون سینیٹرز چھ سالہ مدت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو رہے ہیں،چئیرمین سینٹ نیر حسین بخاری ،ڈپٹی چئیرمین صابر بلوچ ، راجہ ظفر الحق بھی شامل ہیں۔سینیٹ انتخابات پانچ مارچ کو ہو رہے ہیں، جس کے لیے سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ جاری ہے جب کہ ہارس ٹریڈنگ کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔