شمالی وزیرستان : امریکی ڈرون حملے میں 7 دہشت گرد ہلاک‘ تربت‘ جہانیاں میں 8 مارے گئے‘ پشاور : اکیس ہزار من بارود برآمد
شمالی وزیرستان + کوئٹہ + تربت + جہانیاں (ایجنسیاں +بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان کے قریب افغان سرحدی علاقے میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں اہم کمانڈر سمیت کالعدم تحریک طالبان کے 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ حملے میں 3مزدوروںکے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ تربت اور جہانیاں میں مختلف کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے۔ پشاور میں کراچی سے چوری ہونیوالا کنٹینر برآمد کر کے 5 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ملزموں کی نشاندہی پر 21 ٹن بارود برآمد کر لیا گیا۔ ردالفساد کے تحت کارروائیوں میں ملک بھر سے 9 دہشتگرد گرفتار کر لئے۔ شمالی وزیرستان کے قریب پاکستان افغانستان بارڈر پر زوئے کے علاقے میں امریکی جاسوس طیارے نے حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈرون طیارے نے 2 میزائل داغے، ایف سی اور حساس ادارے کی تربت کے علاقے مند میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں باپ بیٹے سمیت 5 دہشت گرد ہلاک دو ایف سی اہلکار زخمی، بارودی مواد اور اسلحہ برآمدکر لےا گےا۔ دہشت گردوں کی شناخت ماسٹر بیت اللہ محمود احمد، محمد آصف، جاسم اور نور روز کے ناموں سے ہوئی۔ ذرائع نے بتایا ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ مند اور گرد و نواح میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ کارروائی کے دوران 4 کلو گرام بارود ایس ایم جیز، پستول اور ریموٹ بھی برآمد ہوئے۔ جہانیاں میں خانیوال روڈ پر سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ شیخوپورہ سے 13برس سے غیر قانونی مقیم 5افغان باشندے مردم شماری کے دوران گرفتار کر لئے گئے۔ پشاور میں فائرنگ سے 2 افراد مارے گئے۔ سمبڑیال میں سی ٹی ڈی نے 3 دہشتگردوں کو حراست میں لے لیا۔ آپریشن ردالفساد کے سلسلے میں سکیورٹی فورسز نے 24گھنٹے میں ملک بھر میں 29 آپریشن کئے۔ پنجاب میں 12آپریشن سرچ اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کئے۔ 9 دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے۔ رحیم یار خان‘ بہاولپور‘ لودھراں‘ پاکپتن میں کارروائیاں کی گئیں۔