6 ماہ میں تمام شناختی کارڈ ز کی تصدیق کیجائگی، جعلی رکھنے والوں کو 7 سال قید ہوگی: چودھری نثار
وزیرداخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ ہماری سرزمین پر حملہ کیا گیا ہے، پہلے کہا جاتا رہا کہ ڈرون حملوں پر حکومتی مؤ قف کیوں نہیں آتا۔ بعد میں کہا گیا کہ چودھری نثار نے پریس کانفرنس کیوں کی۔ کچھ لوگوں نے طے کیا ہے کہ حکومت جو کرے گی اس کا الٹ کرنا ہے۔ کسی باعزت، باوقار، جمہوری ملک کے لئے ناقابل برداشت ہے کہ شہریت بیچی جائے۔ نادرا آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا پیپلزپارٹی سے پہلے دور میں جعلی شہریت بیچی گئی آئندہ 6 ماہ میں تمام شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق ہوگی۔ جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں کو 7 سال قید ہوگی۔سمز کی تصدیق کی بات کی گئی تو وزیراعظم سے شکایت کی گئی کہ ہم پاکستان سے باہر کام کریں گے‘ ساڑھے 9کروڑ سمز کی تصدیق کی گئی جو نہیں کی جارہی تھی۔ ہر شخص کے شناختی کارڈ کی بجائے خاندان کوٹارگٹ کیا جائے گا۔ جس کا جعلی شناختی کارڈ ہے اس کو دو مہینے کی مہلت دے رہے ہیں۔ جعلی شناختی کارڈ بنانے میں مدد دینے والوں کو بھی نشاندہی کیلئے 2 مہینے کی مہلت دے رہے ہیں۔ جس نے جعلی شناختی کارڈ جمع کرادیا اس کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی۔ اگر ہماری تحقیقات سے جعلی شناختی کارڈ ملے ان کے خلاف کرمنل کیسز درج کئے جائیں گے۔ موجودہ حکومت کے دور میں 3 سال کے دوران 29 ہزار پاسپورٹ بلیک لسٹ کئے ۔2010ءسے 2012ءکے دوران 361 پاسپورٹ بلیک لسٹ ہوئے۔ ملک کی شہریت بیچنے والوں کو ضرور سزا ملے گی۔ ان تمام معاملات کی خود نگرانی کروں گا کسی کو نہیں بخشا جائے گا۔ ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو نادرا کی طرح نوٹی فائی کررہے ہیں۔ ایک ہیلپ ڈیسک قائم کررہے ہیں جس میں غیر ملکیوں کی نشاندہی عوام کریں گے ۔ اگر غیر ملکی کی نشاندہی درست ہوئی تو اسے انعام دیا جائے گا۔ چودھری نثار نے کہا ولی محمد کیس اکیلا نہیں اس سے بڑھ کر کئی کیس ہیں۔ کچھ ایسی چیزیں سامنے آئی ہیں جو میں نے شیئر نہیں کیں۔ ایسے لوگوں کے پاس شناختی کارڈ ملے جن کا بتایا جائے تو لوگ پریشان ہو جائیں اور بتا دوں تو ملک کی بے توقیری ہو گی۔ اگر کسی پاکستانی کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک ہوا تو اس کی مدد کرینگے۔ یقین دلاتا ہوں کسی پاکستانی کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک نہیں ہو گا۔ پچھلے دور میں شناختی کارڈ ریوڑیوں کی طرح بانٹے گئے۔ میڈیا، سول سوسائٹی اور عوام کی سپورٹ چاہئے۔ خاندان کے سربراہ سے کنبے کے ارکان کی تصدیق کی جائے گی۔ ہم نے لاکھوں کے حساب سے پاسپورٹ بلاک کئے ہیں۔ پرویز مشرف دور میں ہزاروں جعلی پاسپورٹ بنے۔ جو لوگ ملکی شہریت فروخت کر رہے ہیں ان کو نہیں چھوڑینگے، نادرا ہی نہیں ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ حکام سے بھی ملاقات کی ہے۔ میڈیا، عدلیہ، سول سوسائٹی، عوام کی سپورٹ چاہئے، بھارتی کو پاکستانی شہریت دینے کا عمل بہت مشکل اور سخت ہے۔