کراچی میں دہشت گردی ٹارگٹ کلنگ کی بڑی وجہ زمینوں پرقبضہ ہے :قائم علی شاہ

کراچی میں دہشت گردی ٹارگٹ کلنگ کی بڑی وجہ زمینوں پرقبضہ ہے :قائم علی شاہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی بڑی وجہ لینڈ مافیا اور قبضہ کو قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ زمینوں پر قبضے میں بڑے بڑے لوگ ملوث ہیں، سارا جھگڑا زر، زمین کا ہے، تیسرا نام نہیں لینا چاہتا۔ سندھ اسمبلی میں دوسرے روز مسلسل خطاب کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کراچی میں ساڑھے چھ ہزار ایکڑ زمین کا قبضہ چھڑانے کا بھی دعویٰ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کی ایک بڑی وجہ زمینوں پر قبضے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے پیچھے بھی زمینوں پر قبضہ کا معاملہ ہے۔ دہشت گردی کی ایک وجہ زمینوں پر قبضے بھی ہیں اور قبضہ مافیا کی اصطلاح کراچی میں شروع ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا قبضوں سے متعلق بڑی بڑی سفارشیں آئیں مگر رد کر دی گئیں، زمینوں پر قبضوں میں بڑے بڑے لوگ ملوث ہیں۔