دہشت گردی سے ریاست کا طرز زندگی تبدیل نہیں کیا جاسکتا ایسا کرنیوالوں کو عوام نے مسترد کردیا:رضاربانی
کراچی (این این آئی + آئی این پی) قائم مقام صدر اور چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کچھ قوتیں دہشت گردی کے ذریعہ ریاست کے طرز زندگی کو تبدیل کرنا چاہتی ہیں لیکن امجد صابری کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے ان قوتوں کے منہ پر طمانچہ مارا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے ہم آخری دم تک اپنے مذہب اور اپنی روایات کا دفاع کریں گے اور دہشت گردی پھیلانے والوں کے مقاصد کو ناکام بنائیں گے۔ عبدالستار ایدھی کا مشن انسانیت کی خدمت ہے۔ وفاقی حکومت سے کہوں گا عبدالستار ایدھی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے نام کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی عیادت اور معروف قوال امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ رضا ربانی نے کہا وہ قوتیں جو یہ سمجھتی ہیں شاید وہ دہشت گردی کے ذریعے ریاست کے طرز زندگی کو تبدیل کرسکیں گی، انہیں کہنا چاہتا ہوں پاکستان کے عوام نے جس طریقے سے امجد صابری کے جنازے میں شرکت کی اور جس طرح پورا ملک اشکبار ہوا وہ ان قوتوں کے منہ پر کھلا طمانچہ ہے۔ امجد صابری کا فن نہ آپ کمرے میں بند کرسکتے ہیں اور نہ ہی قبر میں اتار سکتے ہیں کیونکہ وہ لوگوں کے ذہنوں میں بند ہے اور وہ جب زندہ تھے تو اپنے اندر اپنے رب کو تلاش کر رہے تھے۔انہوں نے کہا امجد صابری سے ذاتی تعلق بھی تھا جب کہ گزشتہ ماہ ہی میری آخری گفتگو ان سے فون پر ہوئی تھی، وہ انتہائی نفیس اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی صوبائی اور وفاقی حکومت باہمی تعاون کے ذریعے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا امجد صابری کی والدہ اور اہل خانہ ہم سب کو صابری سمجھیں۔ اس سے قبل رضا ربانی نے سینیٹرز طاہر مشہدی، سعید غنی اور شاہی سید کے ہمراہ ایدھی ہوم میں عبدالستار ایدھی کی عیادت کی۔ اس دوران انہوں نے کہا دنیا بھر میں ایدھی صاحب جیسی مثال بہت کم ہی ملے گی۔ انہوں نے اپنی زندگی کو جس کام کے لیے وقف کیا وہ ایک مثال ہے۔ انہوں نے عبدالستارایدھی کے آج ہونے والے آپریشن کے حوالے سے کہا ساری قوم ان کے لیے دعا گو ہے کہ ان کا آپریشن کامیاب ہو اور وہ جلد صحت یاب ہوں۔ انہوں نے کہا عبدالستار ایدھی نے بیرون ملک علاج سے انکار کرکے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔ ہمارے پارلیمنٹیرینز کو بھی چاہئے وہ ملک میں ہی علاج کرائیں۔ آئی این پی کے مطابق مطابق قائم مقام صدر رضا ربانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے ریاست کا طرز زندگی تبدیل نہیں کیا جاسکتا‘ ایسا کرنے والے سن لیں عوام نے انہیں مسترد کردیا‘ امجد صابری کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہر پاکستانی اپنے مذہب اور روایات کا دفاع کریگا۔ امجد صابری کے جنازے میں اتنے لوگوں کی شرکت دہشت گردوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔