کراچی :9 منزلہ عمارت میں آتشزدگی سکیورٹی گارڈ جاں بحق 2 افراد بے ہوش

کراچی :9 منزلہ عمارت میں آتشزدگی سکیورٹی گارڈ جاں بحق 2 افراد بے ہوش

کراچی (کرائم رپورٹر + صباح نیوز) کراچی میں آتشزدگی کا ایک اور بڑا واقعہ ہوا۔ اتوار کی صبح کلفٹن میں واقع ایک کمرشل عمارت میں آگ لگنے سے سکیورٹی گارڈ جھلس کر جاں بحق جبکہ دو افراد بے ہوش ہو گئے۔ بے ہوش گارڈ سمیت ایک درجن سے زائد افراد کو اسنارکل کی مدد سے نکال کر ان کی جان بچا لی گئی۔ 9منزلہ کمرشل عمارت میں آگ مبینہ طورپر پانچویں منزل پر ایئرکنڈیشنر کا کمپریسر پھٹنے سے لگی تھی جس نے آناً فاناً چھٹی منزل کو بھی لپیٹ میں لے لیا اور عمارت میں دھواں بھر گیا۔ سحری کے وقت لگنے والی آگ کے بارے میں اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ بے ہوش ہونے والا 55 سالہ اورنگزیب بھی سکیورٹی گارڈ بتایا جاتا ہے۔ ایک دوسرا سکیورٹی گارڈ 28 سالہ راشد جھلسنے اور دم گھٹنے سے جاں بحق ہوا۔ فائربریگیڈ حکام کے مطابق تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد مکمل طورپر قابو پایا گیا۔ بعد میں اتوار کی سہ پہر اس عمارت کی 9 ویں منزل پر دوبارہ آگ لگی‘ تاہم اس پر جلد ہی قابو پا لیا گیا۔ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران وزیر بلدیات جام خان شورو بھی موقع پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کراچی میں فائر ڈیپارٹمنٹ کے پاس صرف ایک اسنارکل ہے اور وہ بھی چھٹی منزل سے اوپر نہیں جا سکتا جبکہ شہر میں متعدد کثیرالمنزلہ عمارات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فائر ڈیپارٹمنٹ کیلئے ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد ہیلی کاپٹر خریدیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران کراچی میں یہ آتشزدگی کا چوتھا واقعہ ہے۔