فوج کرپٹ نظام کے خاتمہ کیلئے سپریم کورٹ کا ساتھ دے : عمران خان

ملتان (جنرل رپورٹر+ نیٹ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، لاہور کے بادشاہ اور اسلام آباد کے حکمران نورا کشتی کے ذریعے اس کرپٹ نظام کو بچانے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں لیکن اب اس کرپٹ نظام کو تبدیلی سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ آج ملک کا 70 فیصد نوجوان طبقہ اس کرپٹ نظام سے مایوس ہو چکا ہے جس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) باریاں لے کر ایک اپنی فیکٹریوں کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے تو دوسرا بیرون ملک اثاثہ جات میں اضافہ کرنے میں مصروف ہے، تبدیلی کی اس لہر کو اب جو بھی روکنے کی کوشش کرے گا وہ خود بہہ جائے گا، ملک میں الیکشن کمشن کو حکمرانوں سے آزاد کرانے کیلئے سپریم کورٹ کو کردار ادا کرنا ہوگا، کرپٹ نظام کی تبدیلی کیلئے پاک فوج سپریم کورٹ کا مکمل ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو صرف مڈ ٹرم الیکشن بچا سکتے ہیں اور وہ بھی ایک آزاد الیکشن کمشن کی موجودگی میں، تحریک انصاف پر الزام لگانے والے خود ایجنسیوں کی پیداوار ہیں، میں لوگوں کو بے وقوف بنانے سمیت مداری کا کردار ادا نہیں کر سکتا۔ تحریک انصاف ملک بھر میں چھوٹے یونٹس کی حامی ہے۔ موجودہ جمہوریت جعلی ووٹوں سے آئی، چاہتے ہیں چھوٹے صوبوں کے قیام کے لئے قومی بحث ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ 24جولائی کو لاہور میں بڑا جلسہ ہو گا، رائیونڈ کے بادشاہوں کو بتائیں گے کہ کتنا بڑا انقلاب آنے والا ہے۔
عمران خان