قائم علی شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے سب کو ساتھ لیکر چلوں گا، رینجرز کا معاملہ جلد حل ہو جائیگا۔ تحریک انصاف نے خرم شیر زمان کو وزارت اعلیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قائم علی شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر ہاؤس جا کر گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کے حوالے کیا۔ اس موقع پر نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دریں اثناءسندھ کے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پارٹی کی ہدایت کے مطابق لوگوں سے ملاقات کروں گا، پارٹی جو ہدایت دے گی اس پر عمل کرونگا،میری رہنمائی کیلئے سندھ کی تمام جماعتیں اور ہرشخص کی ضرورت ہے اور ساتھیوں،اپوزیشن اور سندھ کے تمام دوستوں سے مدد چاہتا ہوں،کراچی آپریشن تب ہی ہوگا جب سب اپنا کردارادا کریں گے اور سندھ میں رینجرز کا معاملہ جلد ہوجائیگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخدوم جمیل الزماں سے پرانے تعلقات ہیں۔ اسی لئے رہنمائی حاصل کرنے کیلئے مخدوم صاحب کے پاس آیا تھا۔پیر پگاڑا سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ میں آپ کے ساتھ ہوں۔مراد علی شاہ نے کہاکہ جمعہ کوپالیسی تقریر کروں گا،صوبے کو امن و امان کے چیلنج اور دیگر مسائل کا سامنا ہے،صوبے کے تمام لوگوں کی مدد اور رہنمائی بہت ضروری ہے،کوشش ہوگی کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں۔ سندھ میں مسائل کے حل کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی اور صوبے کے مسائل حل کرنے کیلئے پوری کوشش کرونگا۔صوبے کے امن و امان کو چیلنجز کا سامنا ہے اور کراچی میں امن و امان میری اولین ترجیح ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے سندھ میں وزارت اعلیٰ کیلئے خرم شیر زمان کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ سندھ میں روایتی سیاست کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خرم شیر زمان سندھ میں تبدیلی کی علامت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر عوام کی خدمت پر یقین رکھنے والے ارکان کو اپنے ضمیر کی روشنی میں فیصلہ کرنا ہو گا۔مراد علی شاہ نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات کی جس میں سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نامزد وزیراعلیٰ عوام کی فلاح کیلئے کام کریں گے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38