امام صحافت‘ نظریہ پاکستان کے محافظ مجید نظامی سپرد خاک
لاہور (رپورٹنگ ٹیم) نظریہ پاکستان کے محافظ، تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن، ممتاز صحافی، امام صحافت، نوائے وقت گروپ کے ایڈیٹر انچیف مجید نظامی کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ قبرستان میانی صاحب میں انکی اہلیہ مرحومہ کی قبر کے پہلو میں سپردخاک کردیا گیا۔ قبل ازیں آبروئے صحافت ڈاکٹر مجید نظامی کی نمازجناہ متصل گرائونڈ مسجد دارالسلام باغ جناح میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ کی امامت معروف عالم دین مولانا محمد راغب نعیمی نے کی۔ نماز جنازہ میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف، صوبائی اور وفاقی وزرائ، سیاسی رہنمائوں ارکان پنجاب اسمبلی، سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات کے علاوہ مرحوم کے لاتعداد مداحوں نے بھی شرکت کی۔ سرتاج عزیز، سابق صدر محمد رفیق تارڑ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، عطاء الحق قاسمی، حافظ محمد سعید، جسٹس (ر) آفتاب فرخ، جسٹس (ر) سردار محمد ڈوگر، کرنل (ر) سید امجد حسین، خواجہ احمد حسان، ڈاکٹر رفیق احمد، علامہ اصغر علی کوثر وڑائچ، سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود، نعیم حسین چٹھہ، جسٹس (ر) میاں محبوب، صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، یحییٰ مجاہد، جاوید صدیق، نواز رضا، خالد بٹ، اعظم بدر، محسن لطیف، جسٹس (ر) منیر اے مغل، میاں احسان الحق، فرید پراچہ، پرویز ملک، لیاقت بلوچ، مہتاب خان، ذوالفقار راحت، شاہد رشید، کرنل (ر) جمشید ترین، ڈاکٹر ایم اے صوفی، شعیب بن عزیز، سلمان عابد، ایس اے جعفری، عارف سندھیلہ، صداقت عباسی، چودھری حاکم علی، مولانا احمد علی قصوری، راجہ اسد، پروفیسر حنیف شاہد، خورشید احمد، قیوم نظامی، سعید آسی، علامہ منیر احمد، فخر چودھری، عثمان شامی، منیر احمد خان، رانا تجمل حسین، سلمان غنی، ماجد ظہور، جمیل اطہر، اجمل نیازی، شعیب نظامی، جسٹس (ر) دلاور، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما امیر حیدر ہوتی، سجاد میر، میاں فاروق الطاف، کرنل (ر) اکرام اللہ، احمد کمال نظامی، احمد جمال نظامی، بلال بٹ، خوشنود علی خان، اختر حسین قریشی، رفیق غوری، اکرم چودھری، حافظ مرغوب ہمدانی، خواجہ سعد فرخ، ارشاد عارف، مقصود بٹ، مولانا شفیع جوش، شفیق اعوان، اطہر علی خان، مومن آغا، نوشاد حمید، وفاقی وزراء چودھری محمد برجیس طاہر، خواجہ سعد رفیق اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مجید نظامی کے انتقال کی اطلاع پاتے ہی وزیراعلیٰ شہبازشریف ان کی رہائشگاہ پر پہنچ گئے۔ وہ سیدھے مجید نظامی کی صاحبزادی رمیزہ مجید نظامی کے پاس گئے، انکے سر پر دست شفقت رکھا اور تعزیتی کلمات ادا کئے۔ میاں شہباز شریف جنازے کے ساتھ باغ جناح میں گئے اور نماز جنازہ پڑھنے کے بعد میت کے ساتھ قبرستان میانی صاحب گئے اور جناب مجید نظامی کی تدفین میں حصہ لیا، جنازہ کو کندھا دیا۔ انہوں نے جناب مجید نظامی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی، قبرستان سے اہل خانہ کے ساتھ جناب نظامی صاحب کی رہائشگاہ پر آئے جہاں بہت دیر تک مجید نظامی کی صاحبزادی رمیزہ مجید نظامی، سرتاج عزیز، سہیل فضل و دیگر اہل خانہ کے ساتھ بیٹھے رہے۔ انہوں نے مرحوم مجید نظامی اور اپنے والد میاں شریف مرحوم کی دوستی کی یادیں بھی تازہ کیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے نمائندہ وفد نے بھی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ وفد میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن و صوبائی وزیر عبدالحسیب، صوبائی تنظیمی کمیٹی پنجاب کے انچارج ارشاد ظفر، سینٹرل پنجاب کے صدر عامر بلوچ، سینٹرل پنجاب کے سینئر نائب صدر اقبال قریشی اور دیگر شامل تھے۔