کراچی میں انسداد دہشت گردی سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی نوید خواجہ نے بتایا کہ حساس اداروں کی معاونت کے ساتھ پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ گرفتار دہشت گردوں کو عبدالجبار ، خالد امین ، شفیق اور محسن کے ناموں سے شناخت کیا گیا ہے۔ نوید خواجہ نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ انھوں نے بھارت سے تربیت لی ہے اور سلسلے میں انہیں سیاسی جماعت کے اہم کارکن جاوید لنگڑا کی معاونت حاصل تھی۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ملزمان نے بھارت کے مختلف علاقوں میں تربیت حاصل کی۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں کچھ اکاؤنٹ ایسے ہیں جہاں "را" سے پیسہ آتا ہے۔
نوید خواجہ نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد دھماکوں کے ذریعے شہر کا امن خراب اور محرم میں دہشت گردی کرنا چاہتے تھے ۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ ملزمان بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ جس کی فنڈنگ جنوبی افریقہ ، ملائیشیااور دبئی سے ہورہی تھی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کے ٹاؤٹس میں کچھ بلڈرز بھی شامل ہیں۔ ایک ملزم سلطانی گواہ بنے پر راضی ہوگیا ہے۔ ملزمان پر پاکستان کے خلاف سازش کا مقدمہ درج کیا جائے گا-