سپریم کورٹ کا حکم ....الیکشن کمشن کا ہنگامی اجلاس پیر کو طلب

سپریم کورٹ کا حکم ....الیکشن کمشن کا ہنگامی اجلاس پیر کو طلب

اسلام آباد (ثناءنیوز+ نوائے وقت نیوز) الیکشن کمشن نے عدالتی حکم کے بعد ہنگامی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن کی تیاری شروع کردی ہے۔ 28 اور 29 اکتوبر کو اہم اجلاس طلب کرلئے گئے، ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد ای سی پی نے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں صوبوں کی تاریخوں پر بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تیاری شروع کردی ہے۔ اجلاس میں فیصلے کے مطابق الیکشن کمشن کے دفاتر میں ہفتہ اور اتوار کو بھی فرائض انجام دئیے جائیں گے۔ الیکشن کمشن نے 28 اور 29 اکتوبر کو اہم اجلاس طلب کرلئے جس میں تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور ارکان شرکت کریں گے۔ دریں اثناءبلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کیلئے الیکشن کمشن کے الیکشن ڈائریکٹوریٹ کا تین روزہ اجلاس‘ تجاویز اور سفارشات مرتب کرنے کے بعد ختم ہوگیا۔ الیکشن کمشن کے ڈی جی شیرافگن کی زیر صدارت اجلاس میں چاروں صوبوں کے محکمہ لوکل گورنمنٹس‘ نادرا اور شماریات ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون سازی‘ حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی تیاری سمیت دیگر اہم امور پر سفارشات اور تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔ چاروں صوبائی حکومتوں نے حلقہ بندیوں اور قانون سازی کے حوالے سے کئے گئے مجوزہ اقدامات سے کمشن کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں تیار کی گئی سفارشات الیکشن کمشن کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی اور ان پر غوروخوض کے بعد بلدیاتی انتخابات کا حتمی روڈمیپ تیار کیا جائیگا۔
الیکشن کمشن