کھٹمنڈو میں سارک سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے بروقت معلومات کا تبادلہ ضروری ہے
نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں اٹھارویں دو روزہ سارک سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔ جنوبی ایشیائی ممالک میں حالیہ سیلاب سے بڑی تباہی آئی ہے۔ سیلاب سے آگاہی کیلئے ہمیں معلومات کے بروقت تبادلے کی ضرورت ہےاسی طرح دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے بارڈر پار معلومات کا بھی تبادلہ کرنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کی ترقی ایک دوسرے سے جڑی ہے۔ رابطوں کے فقدان کے باعث سارک ممالک کا تجارتی حجم کم ہے۔ سارک ممالک کو تیل اور گیس پائپ لائن کے استعمال پر توجہ دینا ہوگی۔میاں نواز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سارک ممالک کو بیماری،غربت اور افلاس جیسے چیلنجز کا سامنا ہے,, ہمیں آپس میں لڑنے کے بجائے غربت،افلاس ، جہالت اور بیماریوں سے لڑنا ہو گا،، علاقائی تعاون بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سارک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ وہ نیپال کے عوام کیلئے نیک اور دوستی کی خواہشات لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان انیسویں سارک سربراہ کانفرنس کی صدارت کرے گا۔