آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹسمین فل ہیوز سر میں گیند لگنے سے زخمی، حالت نازک
سڈنی (بی بی سی اردو) آسٹریلوی اوپننگ بلے باز فلپ ہیوز سڈنی میں ہونے والے میچ میں سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئے ہیں، ہسپتال میں انکی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ انکے سر پر شیفیلڈ شیلڈ کے ایک میچ کے دوران نیو ساؤتھ ویلز کے بولر شان ایبٹ کا باؤنسر لگا تھا جس سے وہ پچ پر گر پڑے۔ انہیں سٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا اور ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی سرجری ہوئی ہے۔ بعدازاں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر جاری شیفیلڈ شیلڈ کے اس میچ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ فل ہیوز نے 2009ء سے 2013ء کے درمیان 26 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے تین سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے ڈیڑھ ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ جنوبی آسٹریلوی کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل منیجر ٹم نیلسن نے بتایا سرجری کا نتیجہ آنے والے 24 سے 48 گھنٹوں سے پہلے نہیں بتایا جا سکتا۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ انکے اہل خانہ اور دوستوں کے تخلیے میں مخل نہ ہوں۔ دوسری طرف ہیلمٹ بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ فل ہیوز نے ہیلمٹ کا نیا ماڈل نہیں پہنا تھا جو کہ انتہائی محفوظ اور مضبوط ہے جس کے باعث وہ زخمی ہوئے۔