پاکستان کو سپورٹ کی سز ا ‘ بنگلہ دیش نے مقامی کرکٹ شائقین کو دوسرے ممالک کے جھنڈے لہرانے سے روک دیا ‘ آئی سی سی نے وضاحت مانگ لی

پاکستان کو سپورٹ کی سز ا ‘ بنگلہ دیش نے مقامی کرکٹ شائقین کو دوسرے ممالک کے جھنڈے لہرانے سے روک دیا ‘ آئی سی سی نے وضاحت مانگ لی

ڈھاکہ+ دبئی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں مقامی شائقین کے بنگلہ دیش کے علاوہ کسی اور ٹیم کی سپورٹ کرنے، یا اسکے جھنڈے لہرانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ احکامات میچ کے دوران پاکستانی پرچم لہرانے پر مقامی کرکٹ شائقین کو سزا دینے کیلئے جاری کئے گئے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کرکٹ فینز کو دوسری ٹیموں کی حمایت سے روکدیا۔ سکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دیدی کہ اگر بنگلہ دیشی عوام دوسری ٹیموں کے جھنڈے لہرائیں تو انہیں گرائونڈ سے بیدخل کردیا جائے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں انہیں اوپر سے ہدایت ملی ہیں کہ کوئی بھی بنگلہ دیشی گرائونڈ میں کسی دوسری ٹیم کا جھنڈا نہیں لہرائیگا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ بلاشبہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا یہ قدم ایشیا کپ کے فائنل میں کچھ بنگلہ دیشی فینز کی پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کے بعد لیا گیا ہے کیونکہ بعض عناصر کو بنگلہ دیشی عوام کی پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ ایک آنکھ نہ بھائی تھی۔ یہ اقدام سپورٹس مین سپرٹ کی بدترین انداز میں توہین ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق پابندی کا فیصلہ شائقین کے پاکستانی جھنڈے لہرانے کے بعد کیا گیا۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ دیکھا گیا ہے کہ کچھ مقامی شہری دوسرے ممالک کے جھنڈے لہرا کر ملکی جھنڈے کے قوانین کی مخالفت کر رہے ہیں جس کے بعد یہ حکم نامہ جاری کیا گیا۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ صرف اور صرف سکیورٹی وجوہات کی بنا پر لیا گیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق حال ہی میں ہونے والے ایشیا کپ کے دوران بنگلہ دیشی شہریوں کی بڑی تعداد پاکستان کے جھنڈوں سمیت سٹیڈیم میں موجود تھی جس پر ملک کے اندر کئی حلقوں سے زبردست تنقید کی گئی۔ دوسری جانب آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی طرف سے شائقین کرکٹ کو دیگر ٹیموں کی حمایت سے روکنے کی تحقیقات شروع کردی ہے اور اس سلسلے میں وضاحت طلب کرلی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق آئی سی سی کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کو اپنے حق کے اظہار سے نہیں روکا جاسکتا۔ بنگلہ دیش کا فیصلہ افسوسناک ہے جبکہ میچز میں جھنڈے لہرانے پر پابندی عجیب فیصلہ ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نہیں معلوم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے بیان میں کس قانون کا ذکر ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا اعلان ورلڈ ٹی 20 کے انعقاد کیلئے معاہدے کے منافی ہے۔