ملک کو نقصان پہنچانے والوں کے احتساب کا وقت آگیا: شہبازشریف

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
ملک کو نقصان پہنچانے والوں کے احتساب کا وقت آگیا:  شہبازشریف

 وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ احتساب ایسا ہونا چاہیے کہ آئندہ کوئی قومی دولت لوٹنے کا سوچ بھی نہ سکے۔ قوم کا پیسہ لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی وصول کی جانی چاہیے۔ لاہور میں کاہنہ کاچھا فلائی اوور کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کررہی ہے۔ ڈیڑھ کلو میٹر طویل فلائی اوور ایک سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔منصوبے سے قوم کے تین ارب روپے بچائے گئے۔ وزیراعلی نے بتایا کہ رنگ روڈ کے جنوبی حصے پر بھی کام شروع ہوچکا ہے۔ چودہ اگست دو ہزار سترہ کو رنگ روڈ کا منصوبہ بھی مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی راہ میں دھرنے دینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ ملک کو لوٹنے اور عدم استحکام کا شکار بنانے والوں کو کسی صورت نہیں بخشنا چاہیئے۔ وقت آ گیا ہے کہ ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا احتساب ہو۔ سب کا احتساب ہونا چاہئے، انہوں نے کہا سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے لوگ آج لیکچر دے رہے ہیں۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب میں مریضوں کو مشکلات اور عملے کی ناقص کارکردگی پر ڈی سی او ننکانہ‘ ای ڈی او ہیلتھ اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال کو معطل کردیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل دریافت کئے۔ وزیراعلیٰ نے مختلف وارڈز میں ایئرکنڈیشنز نصب نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ناقص کارکردگی پر ڈی سی او ننکانہ‘ ای ڈی او ہیلتھ اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال کو معطل کردیا۔