دہشت گردی سے ریاست کا طرز زندگی تبدیل نہیں کیا جاسکتا, ایسا کرنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا: رضا ربانی

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
 دہشت گردی سے ریاست کا طرز زندگی تبدیل نہیں کیا جاسکتا, ایسا کرنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا: رضا ربانی

 قائم مقام صدر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے ریاست کا طرز زندگی تبدیل نہیں کیا جاسکتا‘ ایسا کرنے والے سن لیں عوام نے انہیں مسترد کردیا‘ امجد صابری کے جنازے میں ہزاروں لوگوں کی شرکت دہشت گردوں کے منہ پر طمانچہ ہے‘ پوری پاکستانی قوم عبدالستار ایدھی کی خدمات پر ان کی شکر گزار ہے‘ اسلام آباد جا کر ایدھی صاحب کے ڈاک سٹمپ کی بات کرونگا۔ وہ معروف قوال امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت اور سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھےاس موقع پر سینیٹرسعد غنی،سینیٹرطاہر مشہدی،سینیٹرشاہی سید بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں علاج کی سہولتیں میسر ہیں ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ عبدالستار ایدھی کا علاج پاکستان میں ہی کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم عبدالستار ایدھی کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہے اور ان کی خدمات پر شکر گزار ہے۔ بعد ازاں قائم مقام صدر رضا ربانی تینوں سینیٹرز کے ہمراہ صابری ہاﺅس گئے اور امجد صابری کے قتل پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ صابری ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امجد صابری کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ امجد صابری کے ساتھ میرا ذاتی تعلق تھا وہ عظیم فنکار اور اچھے نیک انسان تھے۔ ان سے ایک دو ماہ پہلے ٹیلی فون پر بات ہوئی تھی۔ امجد صابری کے غم میں برطانیہ ہو یا امریکہ سب سوگوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اپنے مذہب اور روایات کا دفاع کریگا۔ پاکستان سمیت پوری دنیا امجد صابری کے غم میں نڈھال ہے ان کا متبادل کوئی نہیں بن سکتا۔ قائمقام صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے ریاست کا طرز زندگی تبدیل نہیں کیا جاسکتا ایسا کرنے والے سن لیں عوام نے انہیں مسترد کردیا۔ امجد صابری کے جنازے میں اتنے لوگوں کی شرکت دہشت گردوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔