اوورسیز تھانے بنانے کا فیصلہ‘ پاکستانیوں کی محنت پرکسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے: شہباز شریف

اوورسیز تھانے بنانے کا فیصلہ‘ پاکستانیوں کی محنت پرکسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کے عظیم سفیر ہیں اوران کی خون پسینے کی کمائی کا تحفظ کرنے کیلئے اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب بنایا گیا ہے۔ محنت کر کے رزق حلال پاکستان بھجوانے والوں کا حق کسی کو نہیں مارنے دیں گے اوربیرون ملک مقیم پاکستان کے عظیم سفیروں کی جائیدادوں پر کسی کو قبضے نہیں کرنے دیں گے۔ رزق حلال کمانے والے اوورسیز کی محنت پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے اورہم سب نے ملکر بیرون ملک پاکستانیوں کو ان کا حق دلانا ہے اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ یہ جدوجہد ہم سب نے ملکر کرنا ہے۔ دیار غیر میں بسنے والے ہم وطنوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی سیاسی، قانونی اور اخلاقی مدد کی جائے گی۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مدد کے لئے اوورسیز تھانے بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اوورسیز تھانے ان شہروں میں ترجیحی طور پر بنائے جائیں جہاں سے لوگوں کی بڑی تعداد بیرون ملک مقیم ہے ۔ وزیر اعلی نے انسپکٹر جنرل پولیس کو اوورسیز تھانوں کے قیام کے پروگرام پر جلد سے جلد عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز تھانوں کے قیام کے بعد ایئر پورٹس پر فرنٹ ڈیسک بھی بنائے جائیں تا کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو فوری طور فرنٹ ڈیسک سے رجو ع کر سکیں۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ اضلاع میں اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب کے اجلاسوں میں متعلقہ اضلاع کے ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز کی موجودگی ہر صورت یقینی ہونی چاہیے ۔ چیف سیکرٹری ہر دوماہ بعد اوورسیز پاکستانیزکمشن پنجاب کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور میں ہر تین ماہ بعد کمشن کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا۔ میڈیکل کالجوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں و بچیوںکے لئے میرٹ کی بنیاد پر 76 نشستیں مختص کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے سندس فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو باڈی کے ارکان نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ دوسروں کا دکھ بانٹنے والے دین اوردنیا دونوں کمارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ادارے لائق ستائش کام کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جارہی ہے اور اربوں روپے کے رمضان پیکیج کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں۔ عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ اقدامات کرتے رہیں گے۔ ادھر وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں باب پاکستان کے منصوبے کے مختلف امور پر پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ باب پاکستان کا منصوبہ قیام پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے ہمارے آبائو اجداد کی یاد میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ نئی نسل کو تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد سے روشناس کرانا قومی ذمہ داری ہے۔ نئی نسل کو تحریک قیام پاکستان سے روشناس کرانے کیلئے بھی باب پاکستان کا منصوبہ بے حد اہمیت رکھتا ہے۔