آرمی چیف کا دورہ جنوبی وزیرستان‘ سوات کی طرح کامیابی حاصل کریں گے : جنرل کیانی

جنڈولہ + راولپنڈی (ریڈیو مانیٹرنگ + آئی این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں آپریشن حکومتی رٹ قائم کرنے کیلئے شروع کیا گیا ، سوات کی طرح پاک فوج یہاں بھی شدت پسندوں کیخلاف کامیابی حاصل کریگی، آپریشن میں مقاصد کے حصول اور حکومتی رٹ کو بحال کرنے کیلئے کوشش ہے کہ کم سے کم جانی نقصان ہو، آپریشن کے دوران پاک فضائیہ کوبہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور آپریشن میں عوام کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مقامی قبائلی عسکریت پسندوں کیخلاف بھرپور اثر و رسوخ استعمال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی وزیرستان کے دورے کے موقع پر فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے آپریشن راہ نجات کا جائزہ لیا اور فوجی جوانوں اور افسران سے ملاقات کی اور ان کے مورال اور کردار کو سراہا۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ کی طرف سے آرمی چیف کو آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف نے آپریشن اور فوج کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے آپریشن کے دوران جاں بحق ہونیوالے جوانوں کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف ڈی آئی خان ایئرپورٹ پر اترے تو مقامی فوجی حکام نے ان کا استقبال کیا بعد ازاں انہیں جنوبی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر آرمی چیف نے تمام انتظامات اور منصوبہ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا بعد ازاں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جنوبی وزیرستان اور ملحقہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوںنے خصوصی طور پر جنڈولہ میں فوجی کیمپ کا دورہ کیا اور فوجی جوانوں اور فیلڈ کمانڈر سے ملاقات کی۔