”رد الفساد“ پنجاب میں رینجرز کے200 سرچ ًپریشن‘4 دہشت گرد ہلاک
لاہور (خبرنگار+ سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں+ نامہ نگاران) آپریشن ”ردالفساد“ کے تحت پنجاب رینجرز کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق رینجرز نے پنجاب میں 200 سرچ آپریشن کئے۔ کہروڑ پکا، لیہ اور راولپنڈی میں کومبنگ آپریشنز کے تحت کارروائی کی گئی۔ آپریشنز کے دوران گھروں، مدارس اور دکانوں کی تلاشی لی گئی۔ رینجرز کی کارروائیوں میں 4 دہشت گرد ہلاک اور 600 سے زائد مشتبہ کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والے میں بعض افغان شہری بھی شامل ہیں جبکہ کارروائیوں کے دوران تخریبی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ جماعت الاحرار کے بعض مبینہ سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا گیا۔ گوجرانوالہ میں 2 افغان باشندوں سمیت 25 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے تین مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ ملیر میں چھاپے کے دوران پکڑے جانیوالوں نے درجنوں افراد کو قتل کیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں ایک متحدہ کا جوائنٹ یونٹ انچارج تھا۔ دہشت گردوں سے آٹھ کلاشنکوف، دستی بم اور پستول برآمد کر لئے۔ دہشت گردوں میں انوار، آصف ممتاز عرف میر اور خرم شہریار شامل ہے۔ سیاسی جماعت کا جوائنٹ یونٹ انچارج عسکری ونگ کا اسلحہ قبرستان منتقل کر رہا تھا، حفیظ بروہی کی بہت سی کڑیاں بلوچستان سے ملتی ہیں۔ ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، لکی مروت، سرگودھا، چنیوٹ اور دی گر شہروں میں بھی سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشکوک افراد کو گرفتار کیاگیا ہے۔ پاکستانی حکام نے طورخم بارڈر سے پاسپورٹ رکھنے والے 50 افغانیوں کو واپس بھیج دیا۔ کوئٹہ میں ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزموں سمیت 12 غیر ملکی، ہنگو سے 6 مشکوک افراد پکڑے گئے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ تخریب کارں کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 کلو وزنی بارودی مواد ناکارہ بنا دیا۔ دوسری جانب لاہور پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ پولیس کو ڈیفنس حادثہ کی مکمل اور حتمی رپورٹ موصول ہوچکی ہے جس کے مطابق ڈیفنس Z بلا ک میں کوئی دھماکہ نہیں ہوا بلکہ حادثہ تھا ۔ڈیفنس حادثہ کی مکمل رپورٹ تھانہ ڈیفنس اے میں درج کر لی گئی ہے ۔ڈیفنس حادثہ کی مکمل تحقیقات کے لئے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی مقرر کر دی گئی ہے جو ڈیفنس حادثہ کے تمام پہلوﺅں سے تفتیش کریگی ۔لاہور پولیس کے ترجمان نے مزید کہا کہ ڈیفنس حادثہ میں غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کا تعین کیا جائیگا اور غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ لاہور میں قذافی سٹیڈیم گلبرگ سمیت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران36 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ سول لائن، قلعہ گجر سنگھ، مزنگ، راوی روڈ، لوئر مال، بند روڈ، شفیق آباد، ہربنس پورہ، مغل پورہ، گرین ٹاﺅن، ٹاﺅن شپ، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت دیگر کئی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مشکوک افراد کے کوائف چیک کئے گئے۔ ڈی جی خان میں سخی سرور اور اطراف میں سرچ آپریشن میں 100 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔