کرپشن کیخلاف ٹرین مارچ کا پشاور سے آغاز ، لوٹی ہوئی قومی دولت پاکستان لانے کا تہیہ کر لیا : سراج الحق
جماعت اسلامی کا کرپشن فری پاکستان کے سلسلہ میں ٹرین مارچ کینٹ سٹیشن پشاور سے کراچی روانہ ہوگیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ٹرین مارچ کی قیادت کی۔ کینٹ ریلوے سٹیشن پر روانگی کے موقع پر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، ہم چاہتے ہیں میرٹ پرلوگوں کوروزگارملے اورملک میں خوشحالی آئے۔ ناانصافی کاخاتمہ ہو، لوگوں کوعدل و انصاف ملے، جبکہ غریب کابچہ بھی اسکول جائے اوراعلی تعلیم حاصل کرے ۔ لیاقت بلوچ کے علاوہ مرکزی و صوبائی رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہے۔ مارچ کے آغاز میں ہی عوامی ایکسپریس کو جماعت اسلامی اور پاکستانی پرچموں سے سجادیا گیا ۔یہ ٹرین مارچ راولپنڈی سمیت دیگر شہروں سے ہوتا ہوا کراچی میں اختتام پذیر ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ جماعت اسلامی ہی حقیقی احتساب کرسکتی ہے،جماعت اسلامی کے کسی رہنما کا نام پانامہ لیکس میں ہے نہ ہی کسی کی آف شور کمپنی ہے۔سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوٹی ہوئی قومی دولت پاکستان لانے کا تہیہ کرلیا ہے، ملک سے دولت باہر بھیجنے والوں کا کڑا محاسبہ ہونا چاہیے جبکہ نوشہرہ ریلوے سٹیشن پر کارکنوں سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ 68 برسوں سے کرپٹ مافیا، کرپٹ لیڈروں، کرپٹ سیاستدانوں اور کرپٹ بیوروکریٹس نے عوام اور پاکستان کو لوٹا ہے اور ان حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری بدامنی لوڈشیڈنگ اور غربت ہے۔ کرپٹ حکمرانوں اور مافیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اب پاکستان اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔