نوشکی میں ڈرون حملہ نواز شریف حکومت کی ناکامی , نواز شریف اقتدار کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں : عمران خان
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہیں‘ مارتا امریکہ ہے طالبان بدلا پاکستان سے لیتے ہیں‘ نواز شریف اپوزیشن میں تھے تو ڈرون حملوں پر بڑھکیں مارتے تھے اب کچھ نہیں بولتے‘ نوشکی میں ڈرون حملہ نواز شریف حکومت کی ناکامی ہے‘ نواز شریف کے رویئے سے لگتا ہے کہ وہ اقتدار میں رہنے کے لئے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ وہ بٹگرام کے علاقے شملائی میں تین ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے بیلا بالا کے مقام پر دو سو کلو واٹ‘ شگئی میں 75 اور بیساکھیت کے مقام پر 30کلو واٹ منصوبے کا افتتاح کیا۔ تینوں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پر تین کروڑ پچاسی لاکھ روپے لاگت آئی۔ ان منصوبوں سے مجموعی طور پر ایک سو پانچ کلو واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے منصوبوں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مائیکرو پلانٹ سے دو سو گھروں کو بجلی ملے گی بجلی چوبیس گھنٹے دستیاب ہو گی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ مقامی آبادی خود بجلی کی قیمت مقرر کرے گی اور بل وصول کرے گی۔ عمران خان نے کہا کہ پانامہ لیکس میں آنے والے آٹھ سربراہوں کے نام میں نواز شریف کا نام بھی شامل ہے۔ شریف فیملی کے سارے لوگ مختلف بیانات دے رہے ہیں اگر لندن فلیٹس قانونی ہوتے تو شریف فیملی اب تک بتا چکی ہوتی۔ عمران خان نے نوشکی ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف ہیں مارتا امریکہ ہے اور طالبان بدلا پاکستان سے لیتے ہیں ہم دونوں طرف سے پس رہے ہیں۔ امریکہ بتائے کہ کیا وہ ڈرون حملے کرکے جنگ جیت لے گا۔ ڈرون حملوں سے اگر جنگ جیتی جاسکتی تو ہم یہ کڑوی گولی بھی کھا لیتے۔ نواز شریف اپوزیشن میں تھے تو ڈرون حملوں پر بڑھکیں مارتے تھے نوشکی میں ہونے والا ڈرون حملہ نواز شریف حکومت کی ناکامی ہے۔ نواز شریف کے رویئے سے لگتا ہے کہ وہ اقتدار میں رہنے کے لئے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ بعد ازاں عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں تین سو پچاس مائیکرو ہائیڈرل پراجیکٹس لگانے کا منصوبہ ہے ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے کہ مقامی لوگ اپنا نظام خود چلائیں۔ خیبر پی کے کے ہسپتالوں کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ میاں صاحب بار بار پوچھتے تھے کہ نیا خیبر پی کے کہاں ہے تو یہاں آکر دیکھ لیں۔ مائیکرو ہائیڈرل پراجیکٹس سے سستی بجلی فراہم کریں گے۔ سارا سال بجلی چار روپے فی یونٹ دستیاب ہو گی۔ مقامی افراد بجلی کی قیمت کا بھی تعین کریں گے۔ عوام خود اپنے فیصلے بہتر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے بعد وزیراعظم نے ایک ہزار ارب روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا ان کو پہلے کیوں یہ منصوبے یاد نہیں آئے۔ ہمارے نئے خیبر پی کے میں صحت‘ تعلیم ‘ بجلی اور دیگر تمام سہولیات ہوں گی۔ چین سمیت ساری دنیا میں کوئلے کے پاور سٹیشنز بند کئے جارہے ہیں یہاں شریف برادران کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں۔ کرپٹ حکمرانوں نے ملک وقوم کو اپنے غےر ملکی آقاﺅں کی غلامی میں جکڑنے کی منصوبہ بندی کررکھی ہے ان سے جلد چھٹکارا نہ پا یا گےا تو ملک وقوم کا مستقبل تاریکی میں ڈوب جائے گا ہم ملک سے کرپشن کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں، پی ٹی آئی کی پاکستان کو کرپشن فری بنانے کی تحریک اب پوری قوم کی آواز بن چکی ہے۔ نوازشرےف کو پانامہ لیکس کی تحقےقات مکمل ہونے تک وزےراعظم کا عہدہ چھوڑ دینا چاہئے تاکہ اس کی شفاف اور منصفانہ تحقےقات ہو سکیں بار بار قوم کے سامنے آکر خطاب کرنا اور قوم کو حقائق بتانے کی بجائے جھوٹ بولنا وزےراعظم کے منصب پر بےٹھے ہوئے شخص کو زیب نہیں دےتا۔ عمران خان نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی بھرپور تےاری سے میدان میں آئیگی اور الیکشن میں ملک گےر کامےابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس نے شریف خاندان کے فراڈ کا پول کھول دیا، ان کی حمایت وہی کرے گا جس کا ضمیر بک چکا ہو گا۔