پاکستان کے ساتھ ناخوشگوار تجربات کبیھ نہیں بھلا سکتے نوازشریف نے دورہ کیا تو والہانہ استقبال کریں گے: بھارتی وزیر خارجہ

سرینگر(آن لائن)بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ گزشتہ ناخوشگوار تجربات کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا تاہم اس کے باوجود بھارت دوطرفہ تعلقات کو دانشمندی کے ساتھ آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔میاں نواز شریف نے بھارت کا دورہ کیا تو ان کا والہانہ استقبال کیا جائیگا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے سلمان خورشید نے کہا کہ مسائل کو حل کرنے کے لئے جنگ کوئی متبادل نہیں ہے اب زمانہ بدل گیا ہے وہ دن گئے جب جنگوں اور طاقت کے زور پر مسائل کے حل کو تھوپا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں جمہوری نظام کا خیر مقدم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس ملک میں جمہوریت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور توانا ہو اور اس کے ساتھ ہی تمام مسائل کو بات چیت اور پرامن طریقے سے حل کرنا چاہیے۔