اسلام آباد امریکی سفارتکار خاتون کی گاڑی کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق

اسلام آباد (ثناءنیوز + اے پی پی) امریکی سفارتکار خاتون کی گاڑی کی ٹکر سے تھانہ آبپارہ کی حدود میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ پولیس نے خاتون سفارتکار کی گاڑی قبضہ میں لے لی لیکن امریکی خاتون فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی سفارتخانہ کی خاتون ملازمہ جو گزشتہ روز تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کر رہی تھی نے ایک پیدل جانے والے شخص کو گاڑی سے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں کوٹلی ستیاں کا رہائشی ظہور احمد شدید زخمی ہو گیا جسے پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ خالق حقیقی سے جا ملا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے خاتون سفارتکار کی گاڑی کو قبضہ میں لے لیا، دریں اثنا امریکی سفارتخانہ کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ امریکی سفارتکار کی گاڑی کے حادثہ کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والے شخص کے معاملے پرحکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کی صبح ساڑھے 8 بجے ایک تسلیم شدہ امریکی سفارتکار کی گاڑی کو سیونتھ ایونیو پر میلوڈی مارکیٹ کے نزدیک حادثہ پیش آیا۔ امریکی سفارتکار کی گاڑی ایک پیدل چلنے والے شخص سے ٹکرا گئی۔ افسوسناک طور پر وہ شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ امریکی سفارتخانہ حادثہ میں متاثر ہونے والے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے ترجمان نے کہا کہ ہم اپنی مقامی انشورنس کمپنی کے ذریعہ متاثرہ فریق کے مالی سوالات اور تحفظات دور کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔