قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مظاہرے جاری‘ آج یوم احتجاج منایا جائے گا

لاہور + کراچی (اپنے نمائندے سے + خبرنگار خصوصی + نامہ نگاران) امریکی ریاست فلوریڈا مےں ملعون پادری کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کےخلاف گذشتہ روز بھی کئی شہروں مےں احتجاجی مظاہرے جاری رہے اور امریکہ اور ملعون پادری کےخلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ آج جمعہ کو مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کی جانب سے دی جانے والی کال پر ملک بھر مےں یوم احتجاج منایا جائے گا جبکہ تحریک حرمت رسول کی اپیل پر مظاہرے‘ ریلیاں اور حرمت قرآن کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائیگا ‘ گزشتہ روز بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ متحدہ علماءبورڈ نے اجلاس کے اختتام پر ”مشترکہ اعلامیہ“ کے ذریعے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ قرآن پاک قیامت تک تمام انسانوں کےلئے مکمل ضابطہ حیات اور سرچشمہ ہدایت ہے۔ ملعون امریکی پادری نے ناپاک جسارت کی ہے، عالمی برادری قرآن پاک سمیت دیگر الہامی کتابوں کے احترام کو یقینی بنائے۔ لاہور مےں پریس کلب کے سامنے تحریک ختم نبوت اور سنی تحریک کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ متحدہ طلبہ محاذ کے کارکنوں نے بھی مال روڈ پر شدید احتجاج کیا اور ملعون پادری ٹیری جونز کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا جبکہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے زیراہتمام بیگم کوٹ چوک مےں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ملعون پادری کا پتلا اور امریکی پرچم نذرآتش کیا گیا۔ آن لائن کے مطابق تحریک تحفظ حقوق اہلسنت کے زیر اہتمام راوی روڈ پر مظاہرہ کیا گیا جبکہ طلبہ نے احتجاجی ریلی نکالی‘ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاءنے عدالتی بائیکاٹ کیا ۔فیصل آباد میں بھی بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی ۔ گجرات‘ تاندلیانوالہ‘ چیچہ وطنی میں بھی مظاہرے کئے گئے۔ آن لائن کے مطابق چارسدہ مےں جمعیت علماءاسلام (ف) کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں متحدہ علما بورڈ کے اجلاس کے بعد ”مشترکہ اعلامیہ“ مےں کہا گیا کہ اسلام رواداری اور محبت کا دین ہے وہ قرآن پاک سمیت تمام الہامی کتب کے احترام کا درس دیتا ہے۔ آن لائن کے مطابق جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام 500 سے زائد مفتیوں کی ”شرعی عدالت“ نے امریکی چرچ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ پر ”شرعی فیصلہ“ مکمل کر لیا ہے جوآج لاہور پریس کلب کے سامنے علامہ سید ریاض حسین شاہ سنائینگے۔ دریں اثنا جمعیت علماءپاکستان کے تحت کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ملعون ٹیری جونز کے پتلے کو پھانسی کے بعد نذر آتش کیا گیا۔ حیدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق دکانیں 4 گھنٹے بند کرکے ہڑتال کی گئی اور بعد میں ریشم گلی سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مختلف مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی‘ جمعیت علمائے اسلام‘ تنظیم اسلامی‘ مرکزی جمعیت اہلحدیث‘ تحریک حرمت رسول کے رہنماﺅں نے کہا کہ ملعون پادری کی طرف سے ناپاک جسارت دنیا کو ایک نئی جنگ کی آگ میں دھکیلنے کی سازش ہے۔