بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس بننے کا امکان

لاہور (خبرنگار خصوصی) صدر مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب کے موقع پر اپوزیشن کی مختلف جماعتوں کی جانب سے ہونیوالا احتجاج اور واک آﺅٹ اس مشترکہ حکمت عملی کے تحت تھا جو ان جماعتوں کے ذمہ داران میں طے ہوئی تھی۔ مذکورہ مشاورتی عمل میں شریک ذمہ دار ذرائع اپوزیشن جماعتوں کے درمیان جاری مشاورتی عمل کو مستقبل قریب میں اپوزیشن کے ایک گرینڈ اتحاد کے امکان کا اشارہ دے رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ حکومت کی نااہلی اور ناکامی ڈھکی چھپی نہیں۔ ملک مسائل کی آگ میں جل رہا ہے لیکن حکمرانوں اور ذمہ داران نے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے لہٰذا وقت آگیا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر او باہر ایک اپوزیشن کا گرینڈ اتحاد وجود میں آئے جو پریشان حال عوام کی آواز بن کر حکومت پر دباﺅ بڑھائے۔ مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ اجلاس سے قبل مذکورہ گرینڈ الائنس کے امکانات واضح ہیں اور جلد اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کے درمیان باقاعدہ مذاکراتی عمل شروع ہوگا۔ حکومتی بنچوں پر بیٹھی ایم کیو ایم کے بھی مذکورہ اپوزیشن جماعتوں کے ذمہ داران سے رابطے ہیں اور اس امر کا امکان موجود ہے کہ بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی میں ایم کیو ایم بھی شامل ہوگی۔