نااہلی کے فیصلے سے کاروبار اور سرمایہ کاری شدید متاثر ہوگی: کاروباری برادری ‘ ماہرین اقتصادیات

لاہور(کامرس رپورٹر) کاروباری برادری اور ماہرین اقتصادیات نے سپریم کورٹ کی جانب سے میاں برادران کو نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک میں افراتفری پھیلے گی\\\' ہنگامہ آرائی اور احتجاجی جلسے جلوس نکلیں گے جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری شدید متاثر ہوگی۔ انجمن تاجران پاکستان نے میاں برادران کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف آج(جمعرات کو) پنجاب بھر میں ہڑتال کااعلان کردیا ہے۔ انجمن تاجران پاکستان کے صدر حاجی مقصود بٹ، جنرل سیکرٹری عبدالرزاق ببر، لاہور کے صدر اشرف بھٹی لاہور کے چیئرمین خالد پرویز لبرٹی مارکیٹ کے صدر ظہیر الدین، منٹگمری مارکیٹ کے صدر اعجاز بٹ، لنڈے بازار کے صدر نعیم بادشاہ، لاہور سائیکل ٹریڈ گروپ کے صدر چودھری محمد علی بادامی بازار آٹو مارکیٹ کے صدر میاں محمد یوسف، فیروز پور روڈ مارکیٹوں کے چیئرمین محبوب علی سرکی اور جنرل سیکرٹری میاں طارق فیروز نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کو نااہل قرار دیا جانا بہت بڑی ناانصافی ہے لہٰذا جمعرات کولاہور سمیت پنجاب بھر میں مارکیٹس بند رکھیں گے۔ انجمن تاجران پاکستان جلد وکلا کے لانگ مارچ اور دھرنے کے بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔