پنجاب میں زرعی کمشن قائم‘ پالیسی بھی بنے گی: شہباز شریف‘ آج ترکی جائیں گے
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت پنجاب زرعی کمشن کے پہلے اجلاس میں کسان پیکیج پر عملدر آمد اورکسانوںکی فلاح وبہبود کے اقدامات پر پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ میں نے کاشتکاروں سے زرعی کمشن کے قیام کا وعدہ کیا تھا جو دیگر وعدوں کی طرح پورا کر دیا گیا ہے اور پنجاب حکومت نے زراعت کی ترقی کسانوں کی خوشحالی اور زرعی پالیسی مرتب کرنے کیلئے پنجاب ایگریکلچر کمشن تشکیل دے دیا ہے۔ کمشن مکمل طورپر خودمختار ہوگا اور پنجاب ایگریکلچر کمشن کا علیحدہ سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا۔ کاشتکار نمائندوں کی مشاورت سے فیصلے کئے جائیں گے جن پر فوری عملدرآمد بھی ہو گا۔ وزیراعلی نے زرعی پالیسی کی تیاری کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی میں کاشتکاروں کی تنظیموں کے نمائندوں کو زرعی کمشن کی طرز پر زیادہ نمائندگی دی جائے گی۔ وزیراعلی نے جعلی زرعی ادویات کے کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری زراعت کو ہدایت کی کہ زرعی جعلی ادویات کے خاتمے کو ہر قیمت میں یقینی بنایا جائے۔ سادہ لوح کسانوں کو جعلی زرعی ادویات بنانے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا اورآئندہ چار ماہ میں صوبے بھر سے جعلی زرعی ادویات کے کاروبار کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت اور لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر بیجنگ فرینڈ شپ ہسپتال چائنہ کے مابین ماڈل ٹاؤن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ معاہدے کے تحت چین کا ادارہ لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے اورجگر کے امراض کے علاج معالجے میں تعاون فراہم کرے گا اور اپنے تجربات اورمہارت پنجاب حکومت کو منتقل کرے گا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کے محکمہ صحت اور لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر بیجنگ فرینڈ شپ ہسپتال چائنہ کے مابین طے پانے والا معاہدہ خوش آئند ہے اور چین پاکستان کا عظیم دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ہاتھ تھاما ہے۔ پنجاب حکومت نے مفادعامہ کے عظیم منصوبے کا معاہدہ کیا ہے، امید ہے کہ مخالفین دیگر منصوبے کی طرح اب اس منصوبے کے بارے میں عدالت نہیں جائیں گے۔ شہباز شریف سے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں چائنہ ریلوے اور نورینکوکے وفد نے ملاقات کی،جس میں لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے سول ورکس پر ہونے والی پیشرفت پر بات چیت ہوئی۔ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلبا و طالبات کے لئے کیریئر کونسلنگ پروگرام شروع کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی خصوصی دعوت پر آج جمعرات کو ترکی جائیں گے۔ وزیراعلی شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردگان اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعلی کے دورے کے دوران پنجاب حکومت اور ترکی کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے ئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔