لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ د و سال کے کنٹریکٹ پر سیکرٹری دفاع مقرر
اسلام آباد (نامہ نگار/ سٹاف رپورٹر) لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ کو دو سال کے کنٹریکٹ پر نیا سیکرٹری دفاع مقرر کیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے انکے تقرر کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ سابق سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) عالم خٹک مدت ملازمت پوری کر کے دو ہفتے پہلے اپنے منصب سے سبکدوش ہو چکے تھے۔ سیکرٹری دفاع کی تقرری کا انتظار تھا کیونکہ آئندہ مہینوں میں سیکرٹری دفاع کے توسط سے فوجی سربراہوں کی تقرریاں ہونی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ کا تعلق ائر ڈیفنس سے رہا ہے۔ انہوں نے کوئی کور کمانڈ نہیں کی۔ جی ایچ کیو میں ایجوٹینٹ جنرل کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے کے بعد وہ رواں سال ریٹائر ہوئے تھے۔ انہیں آئندہ مہینوں میں اہم کام سرانجام دینے ہیں جن میں نئے آرمی چیف کی تقرری کیلئے افسروں کے پینل کی تشکیل، نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے عہدے کے بھی پینل کی تیاری، ان تقرریوں کیلئے جی ایچ کیو اور وزیر اعظم ہائوس کے درمیان خط و کتابت جیسے حساس فرائض شامل ہیں۔انہیں امریکہ سے رکے ہوئے کولیشن سپورٹ فنڈ کے اجراء اور پاکستان کو ایف 16 طیاروں سمیت ہتھیاروں کی فروخت پر غیر اعلانیہ پابندی کے حوالہ سے امریکہ کے ساتھ مشکل مذاکرات بھی کرنا ہوں گے۔ پاکستان میں مشکل سول ملٹری تعلقات میں توازن قائم رکھنا بھی ان کو درپیش اہم چیلنجوں میں سے ایک ہے۔