اللہ پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دے: امام کعبہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے کہا ہے کہ مذہبی تعصب سب سے بڑی بُرائی ہے جس کا ہمیں جڑ سے خاتمہ کرنا ہو گا، اسلام میں مذہبی تعصب اور منافرت کی کوئی گنجائش نہیں، اسلام میں تشدد اور دہشت گردی کی ممانعت ہے، بعض لوگ تشدد کے ذریعے اسلام کا تشخص مسخ کر رہے ہیں، دشمن اسلام کو متشدد اور متعصب مذہب کے طور پر پیش کرتے ہیں، اسلام رحمت اور درگزر کا دین ہے جو کسی کو دین اسلام میں داخل ہونے پر مجبور نہیں کرتا، باطل کے مٹنے اور حق کی فتح کا قرآن میں ذکرہے، اللہ کی خاطر ہمیں ایک دوسرے کو معاف کرنا ہے، مسلمان فرقوں اور مذاہب کا احترام کرتا ہے، اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام کر تفرقے سے بچنا چاہئے، اللہ تعالیٰ مسلمان حکمرانوں کو ہدایت دے، پاکستان کے حکمرانوں کو توفیق اور صلاحیت دے اور پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گرینڈ مسجد بحریہ ٹاؤن لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔ امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے بحریہ ٹاؤن کی گرینڈ مسجد میں ایک بجکر 25منٹ پر نماز جمعہ کی امامت کیلئے منبر پر بیٹھ کر خطبہ جمعہ کا آغاز کیا۔ امام کعبہ کا استقبال بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے کیا۔ امام کعبہ نے بحریہ ٹاؤن کی مسجد میں پودا بھی لگایا۔ قبل ازیں امام کعبہ کی اقتدا میں نماز کی ادائیگی کے لئے شہریوں کی بہت بڑی تعداد صبح سویرے ہی مسجد پہنچ گئی تھی۔ سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔ امام کعبہ کا استقبال بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض نے کیا، لاکھوں افراد نے نماز جمعہ ادا کی۔ امام کعبہ نے بحریہ ٹائون کی مسجد میں پودا بھی لگایا۔ اللہ تعالیٰ مسلمان حکمرانوں کو ہدایت دے اور پاکستان کے حکمرانوں کو صلاحیت دے کہ وہ پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلائیں۔ امام کعبہ نے کہا کہ اسلام ہمیں صبر کی تلقین کرتا ہے، مومن کی نشانی ہے کہ وہ ہمیشہ ہنس مکھ اور بااخلاق ہوتا ہے۔ ایک دوسرے سے حسد کی اسلام میں اجازت نہیں۔ امام کعبہ نے کہا کہ علماء اور اولیاء نے دین اسلام کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا اب علمائے کرام انصاف کے نظام کے لئے جدوجہد کریں۔ اسلامی حکومت میں تمام مذاہب کے لوگ پُرامن زندگی گزارتے ہیں۔ اسلامی حکومتیں غیرمسلموں کے ساتھ حسن سلوک رکھیں۔ حضرت محمدﷺ نے بیمار یہودی کی عیادت کی، نبی کریمؐ نے اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا اور اسلام میں دوسرے مذاہب کی عبادتگاہوں کے احترام کا حکم ہے۔ حکمران سیاست اور معیشت سمیت تمام معاملات زندگی میں قرآن و سنت سے رہنمائی لیں۔ امام کعبہ نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد جیسے ہی دعا شروع کی تو مسجد کے ہال میں موجود نمازیوں نے ان سے ہاتھ ملانے کی خواہش میں آگے بڑھنے کی کوشش کی اور بحریہ ٹائون انتظامیہ کی سکیورٹی کے حصار کو لوگوں نے توڑ دیا۔ نوبت ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔ مزید صورتحال خراب ہونے کے خدشہ کے پیش نظر امام کعبہ کو دعا مختصر کرنی پڑی۔ امام کعبہ الشیخ خالد الغامدی آج نماز فجر جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ کی مسجد (جامع مسجد منصورہ) میں پڑھائیں گے۔ جامعہ اشرفیہ لاہور کے ترجمان نے کہا ہے کہ امام کعبہ فضیلۃ الشیخ خالد الغامدی آج ہفتہ جامعہ اشرفیہ میں 1:45 بجے نمازِ ظہر کی امامت کرائیں گے جبکہ امام کعبہ نمازِ عصر کے بعد بادشاہی مسجد میں اجتماع عام سے خطاب کریں گے اور نماز مغرب کی امامت کرائیںگے۔ خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبدالخبیر آزاد کے مطابق امام کعبہ الشیخ ڈاکٹرخالد الغامدی حفظہ اللہ وطن عزیز پاکستان کے استحکام اور حرمین الشریفین کے تقدس، تحفظ اور عالم اسلام کے اتحاد و یکجہتی کیلئے خصوصی اجتماعی دعا بھی کرائیں گے۔امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے کہا ہے کہ پاکستان آ کر اور علما سے ملکر بہت خوشی ہوئی۔ مجھے قرآن پاک حفظ کرانے والے استاد کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔ وہ استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ چیئرمین بحریہ ٹائون نے امام کعبہ کا مسجد پہنچنے پر استقبال کیا اور نماز جمعہ کی امامت قبول کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے کہا کہ بحریہ ٹائون نے یہ عظیم مسجد نہایت دلچسپی اور محبت سے بنائی ہے۔ میں ملک ریاض کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اس موقع پر ملک ریاض حسین چیئرمین بحریہ ٹائون نے انہیں کراچی میں زیر تعمیر پاکستان کی سب سے بڑی مسجد کے افتتاح کی بھی دعوت دی جسے امام کعبہ نے قبول فرمایا۔