این پی ٹی کے آرٹیکل6 کی خلاف ورزی، پاکستان، امریکہ سمیت 9 ایٹمی ممالک کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ
واشنگٹن (این این آئی) امریکا کی سابق نیوکلیئر ٹیسٹ سائٹ مارشل آئی لینڈ نے پاکستان سمیت 9 ایٹمی ممالک کے خلاف دی ہیگ کی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں مارشل آئی لینڈ کی جانب سے درخواست ایک امریکی تنظیم دی نیوکلیئر ایج پیس فاؤنڈیشن نے دائر کی۔ درخواست کے مطابق امریکا اور دیگر نو ایٹمی طاقتیں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ اور این پی ٹی کے آرٹیکل سکس کے تحت مذاکرات کروانے میں ناکام رہی ہیں، معاہدے پر عملدرآمد میں ایٹمی ممالک کی ناکامی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ امریکا نے 1946 سے 1958 کے دوران مارشل آئی لینڈ پر متعدد ہائیڈروجن اور ایٹم بم کے تجربات کئے، مارشل آئی لینڈ نے اس سلسلے میں سان فرانسسکو کی عدالت میں امریکہ پر علیحدہ سے بھی ایک مقدمہ دائر کیا۔ مارشل آئی لینڈ کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا ان کے عوام نے ناقابل تلافی نقصان اٹھایا وہ چاہتے کہ دنیا میں کوئی اور خطہ اس تجربے سے نہ گزرے۔