سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ برداشت نہیں، مصنوعی مہنگائی پیدا کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائے: شہبازشریف
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بعض سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے لندن سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایت کی ہے عوام کو مناسب قیمت پر سبزیوں کی فراہمی کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور قیمتوں کو مناسب سطح پر لانے کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے اور متعلقہ محکمے اور ادارے قیمتوں میں استحکام کیلئے فعال اور متحرک کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا صوبہ بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول مارکیٹوں اور بازاروں کے خود دورے کرکے نرخوں کا جائزہ لے اورقیمتوں کے ساتھ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ عوام کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا‘ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے گٹھ جوڑ کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے‘ میں قیمتوں میں بلاجواز اضافہ برداشت نہیں کروں گا۔ مزید برآں شہباز شریف نے پیاف فاو¿نڈرز الائنس کولاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نومنتخب قیادت اور عہدیداروں کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے تاجر برادری اور صنعت کاروں نے ہمیشہ ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا مجھے امید ہے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی نومنتخب لیڈر شپ اور نئے عہدیدار تاجر برادری اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل میں اپنا موثرکردار ادا کریں گے۔