” را“ اور تحریک طالبان میں گہرے تعلقات، امریکہ نے بھارت پر دباؤ بڑھانا شروع کردیا: ہندوستان ٹائمز
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے اعتراف کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی” را“ اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے آپس میں گہرے تعلقات ہیں اور اس حوالے سے امریکہ کوبھی شدید تحفظات ہیں۔معروف بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے انکشاف کیا بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مابین گہرے تعلقات ہیں جس پر امریکہ نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے بھارتی خفیہ ایجنسی اور ٹی ٹی پی کے تعلقات کم کرنے کے لئے بھارت پر دباﺅ بڑھانا شروع کردیا ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق ٹی ٹی پی اور را کے تعلقات کا انکشاف پہلی بار طالبان کمانڈر احسان اللہ احسان کی گرفتاری کے بعد ہوا اور امریکا نے بھی اس معاملے پر پاکستان کے موقف کو تسلیم کرلیا اور کہا ہے کہ افغانستان کے قیام امن میں پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیردفاع جیمز میٹس کل(پیر) سے دورہ بھارت کا آغاز کریں گے جس میں وہ بھارتی عسکری و سیاسی قیادت سے ٹی ٹی پی اور را کے معاملے پر گفتگو کریں گے اور پیغام دیں گے کہ بھارتی ایجنسی را اور ٹی ٹی پی کے مابین تعلقات کو کم کیا جائے اور اگر ایسا نہ ہوا تو یہ خود بھارت کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔اخبار نے مزید لکھا ہے بھارت دنیا بھر کی مسلسل مخالفتوں کے باوجود دہشتگرد کالعدم تنظیموں سے اپنا تعلق ختم نہیں کررہا جو اس کے لئے مستقبل میں نقصان دہ ہوگا۔ اخبار کا کہنا تھا بھارت اور کالعدم تنظیموں کے درمیان تعلق اس وقت سامنے آیا جب طالبان رہنما احسان اللہ احسان گرفتاری کے بعد پہلی بار منظر عام پر آیا اور اس نے اپنے ویڈیو پیغام میں اس بات کا اعتراف کیا تھا وہ پاکستان میں دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔