پاک بحریہ کا فضا سے سمندر میں مار کرنیوالے جہاز شکن میزائل کا کامیاب تجربہ
لاہور/اسلام آباد (خبر نگار+بی بی سی) پاک بحریہ نے شمالی بحیرہِ عرب میں بحری جہاز شکن فضا سے سمندر میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب مظاہرہ کیا ہے۔ پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا سی کنگ ہیلی کاپٹر نے کھلے سمندر میں یہ مظاہرہ کیا اور کامیابی سے ہدف کو نشانہ بنایا۔ اس موقعے پر بحریہ کے سربراہ محمد زکا اللہ نے مظاہرے کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا سی کنگ ہیلی کاپٹر سے میزائل کا کامیاب مظاہرہ ، بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جنگی تیاری کا واضح ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاک بحریہ اپنے وطن کی سالمیت اور مفادات کا ہر قیمت ہر دفاع کرے گی۔ یاد رہے اس سال کے آغاز میں بحریہ نے آبدوز سے کروز میزائل 'بابر تھری' کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ فضا سے سمندر میں مار کرنے والے اینٹی شپ میزائل نے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ خبر نگار کے مطابق پاک بحریہ نے شمالی بحیرئہ عرب میںمیزائل فائرنگ کا شاندار مظاہر ہ کیا۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے ویپن فائرنگ کا یہ مظاہرہ دیکھا اور پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاریوں کو سراہا۔ فائر پاور کے اس بھرپورمظاہرے کے دوران پاکستان نیوی کے سی کنگ ہیلی کاپٹر نے فضا سے سطح آب پر مار کرنے والا اینٹی شپ میزائل فائر کیا جس نے اپنے ہد ف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا، جو ہتھیاروں کی ہلاکت خیزی اور نیول فلیٹ کی حربی صلاحیتوںکا مظہر ہے۔ نیول ہیلی کاپٹر سی کنگ سے کامیاب فائرنگ پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے سمندر میں تعینات فلیٹ یونٹس کا دورہ بھی کیا اور جاری بحری مشقوں کا معائنہ کیا۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے نیول فلیٹ کی جنگی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور فائرنگ کے اس کامیاب مظاہرے میں شامل تمام افسروں اور جوانوں کی کاوشوں کی تعریف کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بلند عزم و حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا پاک بحریہ وطن عزیز کی بحری سرحدوں اور مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی۔