راجگال: افغانستان سے چیک پوسٹ پر فائرنگ‘ 22 سالہ لیفٹیننٹ شہید‘ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک
پشاور‘ جمرود‘ راولپنڈی (بیورو رپورٹ+نامہ نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خیبر ایجنسی) راجگال میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی عمر 22 سال تھی اور وہ بطور کمانڈنگ آفیسر فرائض انجام دے رہے تھے جبکہ راجگال میں جس پوسٹ پر فائرنگ کی گئی اسے حال ہی میں قائم کیا گیا تھا۔ خیبر ایجنسی میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی جس میں شہید کے اہل خانہ، کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ اور گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا سمیت سیاسی اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ شہید لیفٹیننٹ کے جسدِ خاکی کو بعدازاں آبائی علاقے میں سپردخاک کردیاگیا۔ ذرائع کے مطابق شہید لیفٹیننٹ تین بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ بطور خودمختار قوم ہماری بقا کا معاملہ ہے، پاک سرزمین سے دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ وزیراعظم نے کہا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز بھرپور ہمت و حوصلے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ پاک فوج نے حال ہی میں خیبرایجنسی کے علاقے راجگال میں آپریشن خیبر فور مکمل کیا ہے۔ چیئرمین سینٹ رضا ربانی سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق، ڈپٹی چیرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے بھی لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی شہادت پر شہید کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے شہید ارسلان عالم کی بہادری پر قوم اور ملک کو فخر ہے۔ لیفٹیننٹ ارسلان عالم مزمل ٹائون کوری روڈ راولپنڈی کے رہائشی تھے جبکہ شہید کا آبائی علاقہ گہل ڈھانڈہ نیومری تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی خیبر ایجنسی کی راجگال چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید ہونیوالے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور شہید لیفٹیننٹ کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا وطن پر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنیوالے پاک افواج کے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں۔قوم کو اپنے دلیر بیٹوں پر فخر ہے اورشہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔آئی این پی کے مطابق فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور ان کے ساتھی لاشیں اپنے ساتھ اٹھا کر افغانستان لے گئے۔ وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی شہادت پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا فورسز کے جوان قوم کا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہیں۔ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے متزلزل نہیں کرسکتے۔شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم کے والد شمشیرعالم ستی نے کہا ہے ارسلان عالم نہایت بہادر اور دلیر بیٹا تھا۔ ارسلان آرمی میں شوق سے گیاتھا۔ اللہ تعالیٰ نے ارسلان کی شہادت کا شوق پورا کیا۔ عظیم لوگوں کی موت بھی عظیم ہوتی ہے۔ پاکستان کے دشمن وار کررہے ہیں‘ پاکستان کو متحد ہونا چاہیے۔