پشاور: دمہ کی مریضہ اور سکول میں کام کر کے گھر کا خرچ چلانے والی صبا گل بھی خودکش حملے میں جاں بحق، بہن زخمی
پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) دمہ کے علاج کیلئے اپنی بہن کے ہمراہ ہسپتال جاتے ہوئے 22 سالہ صبا گل بھی خودکش دھماکے میں جاں بحق ہوگئی جبکہ دھماکہ میں اس کی بڑی بہن شدید زخمی ہوگئی۔ والد نور محمد سکنہ کوٹلہ محسن خان نے نوائے وقت کو بتایا کہ اس کی بیٹیوں صباء گل کو دمہ کی بیماری لاحق تھی جبکہ اس کی بڑی بیٹی مسماۃ (ر) بھی دمہ کی مریض ہے دونوں بہنیں گزشتہ روز علاج کی غرض سے ہسپتال جانے کیلئے شیر شاہ سوری روڈ پر ویگن کے انتظار میں بس سٹاپ پرکھڑی تھی کہ اس دوران خودکش دھماکہ کے نتیجہ میں دونوں بہنیں بھی شدید زخمی ہوگئی لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں صباء گل دم توڑ گئی۔ صباء گل کی ایک ماہ بعد شادی بھی متوقع تھی جاں بحق ہونے والی صباء کے دو بھائیوں نے شادیاں کرکے الگ رہ رہے ہیں صباء اور اس کی بڑی بہن ایک پرائیویٹ سکول میں کام کرکے اپنے گھر کا خرچہ پورا کررہی تھی متاثرہ بہنوں کے ایک شادی شدہ بھائی کے علاوہ ایک چھوٹا بھائی ان کے ساتھ رہتے ہیں جبکہ ان کے والد محنت مزدوری کرتا ہے۔