گیلانی سے ملاقات کے بعد اپٹما نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

لاہور (ریڈیو نیوز + وقت نیوز) اپٹما نے ہفتے میں دو دن ہڑتال کرنے کی کال واپس لے لی ہے۔ وقت نیوز کے مطابق اپٹما کے 15 رکنی وفد نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے بعد ہڑتال کرنے کی کال واپس لینے کا اعلان کیا۔ اپٹما کے چیئرمین گوہر اعجاز نے بتایا کہ وزیراعظم نے 48 گھنٹے میں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے وزیراعظم کی ہدایت کے بعد کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جس سے ٹیکسٹائل کی صنعت تباہ ہو سات رکنی وزارتی کمیٹی منگل کو رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ ہڑتال سے 50 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے 32 ہزار ٹن سے زائد دھاگہ تیار نہیں ہو سکا۔دریں اثنا وزیراعظم گیلانی نے اپٹما کے تمام مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ جس میں اپٹما نمائندے میں شامل ہوں گے۔