پیپلز پارٹی کے حکمران احتساب سے بالاتر دستور چاہتے ہیں : قاضی حسین احمد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد نے کہاہے کہ امریکہ اسلام کو ایک چیلنج سمجھتاہے اس لیے اس کی دہشت گردی کے خلاف جنگ در اصل اسلام کے خلا ف جنگ ہے ، کفر کی طاقتیں اسلام کی علامات سے بھی خوفزدہ ہیں اسی لیے سوئٹزرلینڈ ، فرانس میں مساجد کے میناروں ، برقعہ اور سکارف پر پابندیاں لگارہے ہیں اور ان کے خلاف قوانین بنارہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کی وزیراطلاعات کا یہ بیان کہ” حضرت عمر ؓ کو اس لیے عدالت میں طلب کیا جاتا تھاکیونکہ اس وقت قرآن مجید موجود تھا لیکن دستور نہیں تھا “ جہالت پر مبنی ہے۔ پیپلز پارٹی کے حکمران دستور میں ایسے ضابطے چاہتے ہیں کہ وہ دستور سے بالاتر شخصیات تصور کی جائیں اور وہ ہر قسم کے احتساب سے بالاتر ہوں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پنجاب کے زیراہتمام انتخابی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن میں پنجاب بھر سے امرائے اضلاع ، قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران نے شرکت کی ۔ قاضی حسین ا حمد نے کہاکہ اسلام کے اندر ایک طاقت اور کشش ہے ۔ اس دور میں اسلام کی قوت سے کفارخوفزدہ ہیں ۔ اہل حق کو چاہیے کہ وہ بیدارہوں اور ان خوبیوں کو اپنائیں جو اسلام میں ہیں۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیا قت بلوچ نے کہا ہے کہ این آر او زدہ قیادت ملک پر مسلط ہے جعلی ڈگریوں والے لوگ دوبارہ کامیاب ہوکر عدلیہ اور پارلیمنٹ کامذاق اڑا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ پورے پنجاب میں کارکنان بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں زبردست انداز میں کریں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں ہمارا مقابلہ سول و ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے سایہ میں پلنے والے وڈیروں ،جاگیرداروں،سرمایہ داروں ،مراعات یافتہ طبقے سے ہے جو اصل میں امریکہ کے غلام ہیں اور قوم کوبھی امریکی غلامی میںدینا چاہتے ہیں اور آج امریکہ ہماری تہذیب،ثقافت اور دین اسلام پر حملہ آور ہے۔ جس کا واضح ثبوت حکمرانوں کا پاکستان کی آزادی و خود مختاری قومی سلامتی پر حملہ آور امریکہ کے سامنے احتجاج کرنے کی بھی جرات نہ کرنے کی صورت میں سب کے سامنے ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں مقصود احمد نے اپنے خطاب میں کہاکہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات اور آئندہ عام انتخابات میں میدان کھلا نہیں چھوڑے گی ۔ پنجاب سمیت ملک بھر میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں جاری ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا فی الفور اعلان کرے۔ جماعت اسلامی سندھ، سرحد اور بلوچستان کی طرح پنجاب میں بھی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔