حکومت محاذ آرائی کی پوزیشن میں نہیں، آج ایک فون پر ڈراپ سین ہو جائےگا:عطا مانیکا

لاہور (خبر نگار خصوصی) سابق صوبائی وزیر فارورڈ بلاک کے عطا مانیکا نے کہا کہ جس حکومت کا اپنا کوئی کیس نہیں لہذا یہ عدالت سے محاذ آرائی کی پوزیشن میں نہیں، آج پیر کی رات تک ایک ٹیلی فون کال پر ڈراپ سین ہو جائے گا البتہ این آر او کے فیصلہ پر عملدرآمد ہونا ہی ہوتا ہے جس پر یہ اثرانداز نہیں ہو سکتے۔ گزشتہ رات ’نوائے وقت‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ بحال کرانے والے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ان کی ایک کال ہی ان کے لئے کافی ہے۔ آخر یہ عدالتی فیصلہ پر خوف زدہ کیوں ہیں۔ سوئس عدالتوں کے کیسوں میں صداقت نہیں تو پھر ان کے اوسان کیوں خطا ہوئے ہیں کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے۔ عطا مانیکا نے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر فیصلہ کن موڑ پر کھڑے ہیں اور بحران خود حکومت نے پیدا کیا ہے۔ اس حکومت کی تاریخ ہی یہی ہے کہ بڑھک صدر زرداری مارتے ہیں اور پسپائی وزیراعظم اختیار کرتے ہیں اور اس مرتبہ بھی وزیراعظم نے چیف جسٹس کو فون کال کرکے بتا دیا ہے کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں۔