جعلی ادویات بنانے والوں کیخلاف آخری حد تک جائونگا، رمضان پیکج کا عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے: شہباز شریف

 جعلی ادویات بنانے والوں کیخلاف آخری حد تک جائونگا، رمضان پیکج کا عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے: شہباز شریف

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ جعلی ادویات تیار اور فروخت کرنیوالے انسانیت کے دشمن ہیں۔ جعلی ادویات تیار کرنے کا مکروہ دھندہ کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈائون جاری رکھا جائے۔ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے موت کے سوداگروں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور ایسے قبیح دھندے میں ملوث افراد کی جگہ جیل ہے۔ جعلی ادویات بنانے اور فروخت کرنیوالوں کے غیرمقدس اتحاد کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائونگا۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی زندگیو ں سے کھیلنے کا مکروہ دھندہ ہر قیمت پر روکیں گے۔ جعلی ادویات تیار کرنیوالی فیکٹریوں کے مالکان کیخلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ان کی آئندہ نسلیں بھی اس مکروہ دھندے کا سوچ بھی نہ سکیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے میں ڈرگ انسپکٹرز کی خالی آسامیاں فوری پر کی جائیں۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں خودمختار ڈرگ اتھارٹی بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہور، فیصل آباداور راولپنڈی کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کو آئوٹ سورس کرنے کا کام تیز کیاجائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جعلی ادویات کی تیاری میں جو بھی ملوث ہو اسکے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو اچھا کام کریگا اسکی بھرپور حوصلہ ا فزائی کی جائیگی جبکہ فرائض میں غفلت برتنے یا اپنی ذمہ داری ادا نہ کرنے والوں کی بازپرس ہوگی۔ سیکرٹری صحت پنجاب نے جعلی ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے ٹاسک فورس کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے دوران رمضان پیکیج کے تحت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے رمضان کے دوران رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں وبازاروں میں معیاری اشیائے ضروریہ،پھل اورسبزیوں کی مناسب قیمت پر فراہمی کے حوالے سے متعلقہ حکام اور محکموں کے سربراہان کو ضروری ہدایات دیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اربوں روپے کے تاریخی رمضان پیکیج کاعوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ رمضا ن بازاروں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھاجائے اور صوبائی وزراء ، مشیران وسرکاری حکام رمضا ن بازاروںکے باقاعدگی سے دورے جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کسی بھی رمضان بازار میں اشیائے ضروریہ کی عدم دستیابی کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیے بلکہ وافر سپلائی کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات پہلے سے مکمل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار شوگر ملز مالکان سے بات چیت کے ذریعے چینی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے اوررمضان بازاروں میں چینی 52روپے کلودستیاب ہے۔انہوں نے کہا رمضان بازاروں میں تعینات ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ(ن) کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا شفافیت اوراعلی معیار کیساتھ برق رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا طرئہ امتیاز ہے۔ منتخب نمائندے عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ(ن) کے رہنماوسابق ایم پی اے آغا ریاض اسلام کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔