دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے گھر ہونیوالوں کیساتھ ہیں : شہباز شریف‘ 50 کروڑ سے ریلیف فنڈ بنا دیا

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے گھر ہونیوالوں کیساتھ ہیں : شہباز شریف‘ 50 کروڑ سے ریلیف فنڈ بنا دیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی حکومت اور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے گھر ہونے والے خیبر پی کے کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور آزمائش کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اور عوام بے گھر ہونے والے اپنے بہن بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ شہباز شریف نے خیبر پی کے کے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کے لئے ’’چیف منسٹر ریلیف فنڈ‘‘ قائم کر دیا ہے، جس میں حکومت پنجاب کی طرف سے 50کروڑ روپے جمع کروا دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ، صوبائی وزراء اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی نے فنڈ میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ جمع کروا دی ہے۔ شہباز شریف نے قوم کے نام اپنی اپیل میں کہا کہ ہماری دعائیں، ہمارے جان و مال، ہمارا سب کچھ اس مشکل گھڑی میں پاک فوج کے غازیوں، شہیدوں اور بے گھر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔ عوام، صاحب ثروت اور مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں زیادہ سے زیادہ رقوم جمع کروائیں تاکہ بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کی جاسکے۔ پنجاب حکومت بے گھر ہونے والے افراد کی اپنے گھروں میں واپسی اور مکمل بحالی تک بھر پور تعاون جاری رکھے گی اور نقل مکانی کرنے والے افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امدادی اشیاء فراہم کرے گی۔ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزررہا ہے اسے سکیورٹی کے اندورنی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ قوم اس وقت حالت جنگ میں ہے۔ ہماری جغرافیائی سرحدوں کی محافظ پاک افواج کے جوان اور افسر دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکارہیں وہ وطن عزیز کے دفاع ،استحکام اوربقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ملک کو دہشت گردی سے لعنت سے پاک کرنے کے لئے پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوجائے،قوم کو اتحاد اور یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے شاید اس سے پہلے کبھی بھی نہ تھی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک و قوم کے تابناک مستقبل اوراسے حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے لئے سنجیدگی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر دھرنے، جلوس، جلسے، ریلیاں اور احتجاجی سیاست کسی طورپر مناسب اورملک کے مفاد میں نہیں۔ احتجاجی سیاست کرنے والے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے قومی مفاد کے پیش نظر اس سفر کو آگے بڑھنے دیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے اپنے پولیٹیکل سیکرٹری افضال سے ان کے ماموں کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

شہباز شریف