پاکستان اور آئی ایم ایف میں بات چیت کا دوسرا دور مکمل ‘ آج بھی مذاکرات ہوں گے

پاکستان اور آئی ایم ایف میں بات چیت کا دوسرا دور مکمل ‘ آج بھی مذاکرات ہوں گے

اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نئے قرضے اور سابقہ قرضوں کے استعمال سمیت دیگر امور پر مذاکرات کا دوسرا اہم دور گذشتہ روز وزارت خزانہ میں ہوا‘ ذرائع کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات آج مکمل ہو جائیں گے۔ جس کے بعد پالیسی سطح کے مذاکرات شروع ہونگے ‘ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں اقتصادی منےجرز کی ٹیم مذاکرات میں شرکت کریگی جبکہ آئی ایم ایف مشن کے سربراہ جیفری فرینکس اپنی ٹیم کی قیادت کرینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے جائزہ مشن نے 28جون تک قیام کرنا تھا مگر اب مشن نے اپنے دورے میں چار جولائی تک توسیع کردی ہے ۔ دستاویزات کے مطابق آج شروع ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کی اقتصادی ٹیم کی طرف سے فراہم کردہ بجٹ کے اعداد و شمار کے بارے مےں بھجوائی جانے والی رپورٹ کی روشنی میں تجزیہ کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد جو حتمی بجٹ اہداف اور اعداد و شمار آئیں گے ا ن کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کرنا چاہتی ہے۔ ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکس وصولیوں کے حوالے سے آئی ایم ایف مشن کو بریفنگ دینگے۔