’’آخری سفر‘‘ حارث سلیمان اور انکے والد سمندر میں طیارہ گرنے سے جاں بحق
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) دنیا کے کم عمر ترین پاکستانی نژاد پائلٹ کیپٹن حارث سلیمان امریکہ میں اپنے آخری فضائی سفر کے دوران سمندر میں طیارہ گرنے سے جاں بحق ہو گئے۔ ان کی نعش سمندر سے نکال لی گئی ہے۔ وہ دنیا کے گرد چکر لگانے کے مشن پر تھے، ان کے ساتھ ان کے والد بابر سلیمان بھی تھے جس کی نعش کی تلاش ابھی جاری ہے۔ کیپٹن بابر سلیمان پاک فضائیہ کے سابق سربراہ رائو قمر سلیمان کے بھائی تھے جبکہ ان کے صاحبزادہ کیپٹن حارث سلیمان کو دنیا کے کم عمر ترین پائلٹ ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔ ان کا طیارہ امریکہ میں ہوائی سے کیلی فورنیا کے سفر کے دوران سمندر میں گر کر تباہ ہوا جو دنیا کے گرد چکر لگانے کیلئے ان کا آخری سفر تھا۔ بدقسمتی سے یہ دونوں باپ بیٹے کی زندگی کا بھی آخری سفر ثابت ہوا۔ حارث سلیمان کی پھوپھی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حارث سلمان دنیا کا چکر لگا کر غریب اور بے سہارا بچوں کے تعلیمی اخراجات کیلئے رقم اکٹھی کرنا چاہتے تھے۔ کیلیفورنیا ان کے اس مشن کی آخری منزل تھی۔ امریکی کوسٹ گارڈ حکام نے باضابطہ طور پر حادثے سے آگاہ کر دیا ہے۔ حارث سلیمان اپنے والد کے ساتھ لاہور بھی آئے تھے جہاں ان کا استقبال کیا گیا تھا۔ حارث سلیمان دنیا کا چکر لگا کر نادار بچوں کی تعلیم کیلئے رقم جمع کرنا چاہتے تھے۔ ایک انجن کے جہاز میں پوری دنیا کا چکر لگانے کا ان کا خواب ڈراؤنا نکلا۔ سفر کا آخری مرحلہ ان کا آخری سفر بھی ثابت ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کمسن حارث سلیمان نے پانیوں اور بادلوں میں گھر کر لیا ہے۔ وہ جب والد کے ساتھ پرواز کیلئے نکلے تو گھر والوں کو ڈر تھا کہ کہیں کچھ ہو نہ جائے مگر خطرات مول لینا ان کا مشغلہ تھا۔ حارث کے والد بابر سلیمان کہا کرتے تھے کہ مٹی کا کچھ قرض تھا جو چکانے نکلے تھے۔ حارث کو یقین تھا کہ وہ پاکستان کے بعد بنگلہ دیش، آسٹریلیا، فجی اور ہوائی سے ہوتے ہوئے 21 جولائی کو اپنی منزل کیلیفورنیا پہنچ جائینگے۔ راستے میں انہیں موسم کے مسائل کا بھی سامنا رہا۔ وہ منزل پر نہ پہنچ سکے اور عید کو یادگار نہ بنا سکے۔ سترہ سالہ حارث نے اپنے پائلٹ والد کے ساتھ دنیا کے سفر کی ٹھانی تھی۔ وہ امریکی ریاست انڈیانا سے سنگل انجن طیارے پر سوار ہو کر 5 روز کیلئے پاکستان پہنچے تھے۔ نادار بچوں کی تعلیم کے لئے 10 لاکھ ڈالر اکٹھا کرنا چاہتے تھے۔ مقصد نے مہم جوئی آسان کر دی تھی۔ روانگی سے ڈیڑھ ماہ پہلے ہی حارث نے پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا تھا لیکن جو دوسروں کے لئے وہ خواب دیکھتا تھا وہ اپنے خواب اب دوسروں کو دکھانے میں کامیاب ہو گیا۔ کیپٹن بابر پاکستان کے سابق ائر چیف راؤ قمر سلیمان کے بھائی تھے۔ حادثے کی اطلاع امریکی کوسٹ گارڈز نے اہلخانہ کو دی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف حارث سلیمان اور ان کے والد بابر سلیمان کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے مرحومین کے لواحقین اور رشتہ داروں سے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کے لئے بلند درجات کی دعا کی۔