پاکستان نے 7 بچوں سمیت 365 بھارتی ماہی گیر رہا کردئیے

پاکستان نے 7 بچوں سمیت 365 بھارتی ماہی گیر رہا کردئیے

کراچی (نیٹ نیوز+ثناءنیوز+این این آئی) پاکستان نے گزشتہ روز کراچی کی جیلوں میں بند 365 بھارتی ماہی گیروں جن میں 7 بچے بھی شامل ہیں رہا کردیا۔ ان میں 26 مسلمان ماہی گیر بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سنٹرل جیل کراچی سے 7 بھارتی ماہی گیر بچوں، ملیر جیل سے 330 اور دیگر جیلوں سے 23 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا گیا۔ پاکستان فشر فوک فورم اور لیگل ایڈ تنظیم کے عہدیداروں نے ان مچھیروں کو تحائف دیکر 8 بسوں میں لاہور کیلئے روانہ کیا۔ مچھیروں کو آج واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایک بھارتی ماہی گیر بیماری کی وجہ سے جیل میں وفات پا چکا دوسرے کو کینسر میں مبتلا ہونے کی وجہ سے جلد رہا کیا گیا جبکہ منوج کمار ولد پنا لال کی بھارتی حکومت نے شناخت کی تصدیق نہیں کی۔ ماہی گیروں محمد رفیق، محمد فاروق، ویرو، رمیش، ہری اور بھگوان نے لاہور روانگی کے وقت صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی جیلوں میں ان سے اچھا سلوک کیا گیا وہ واپس جا کر بھارتی سمندری حدود میں شکار کرنے کا دھیان رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غربت اور افلاس کی وجہ سے وہ ماہی گیری کے ذریعے گھر والوں کا پیٹ پالتے ہیں۔